تونسہ میں بڑا حملہ ناکام، سی ٹی ڈی نے فتنتہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا
انسدادِ دہشت گردی کی ایک بڑی کامیاب کارروائی میں پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ہفتہ کے روز تونسہ شریف میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 5 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ایک بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ آپریشن تری سرحدی گاؤں (ٹرائی بارڈر ویلیج) کے قریب شروع کیا گیا، جہاں مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کے مطابق بھاری اسلحے سے لیس دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جب ان کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو انہیں فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ کم از کم پانچ دیگر زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ قریبی جنگلات میں پناہ لے چکے ہیں۔
محکمے کا کہنا تھا کہ اس کی ٹیموں کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی نے ایک ممکنہ تباہ کن واقعے کو روک دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں ”فتنۂ ہندوستان“ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ایک بار پھر پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن کے ذریعے فتنۂ ہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے پیشہ ورانہ طرز عمل اور بہادری کو سراہا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز امن کے دشمنوں کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ نہیں بنانے دیں گی۔
انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتہا پسند عناصر کو جہاں کہیں بھی چھپے ہوں، ان کا پیچھا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے مسلسل انتہا پسند گروہوں کے منصوبے ناکام بنائے ہیں اور دہشت گردی کے خطرات کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کی اپنی صلاحیت ثابت کی ہے۔
Comments