دنیا

چین پر انحصار کم کرنے کے لیے امریکہ اور یورپی یونین کا اہم معدنیات کے منصوبے پر دستخط

  • معاہدے کا مقصد اہم معدنیات کی پیداوار اور ان کے حصول کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے
شائع April 25, 2026 اپ ڈیٹ April 25, 2026 12:21pm

یورپی یونین اور امریکہ نے جمعہ کو معدنیات کے حوالے سے باہمی تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے جو دفاع سمیت دیگر کلیدی صنعتوں کے لیے ناگزیر ہیں۔ یہ قدم ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا جب اس شعبے میں چین کا بڑھتا ہوا غلبہ ایک بڑی تشویش بن چکا ہے۔

یہ معاہدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے یورپی یونین کے کردار کو تسلیم کرنے کی ایک نادر مثال ہے جس پر وہ (ٹرمپ انتظامیہ) اکثر تنقید کرتی رہی ہے اور اس کے بجائے یورپ کے اندر دائیں بازو کے عوامی لیڈروں کی حمایت کرتی آئی ہے۔

اس معاہدے کا مقصد اہم معدنیات کی پیداوار اور ان کے حصول کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

بیجنگ نے ان اہم معدنیات کی برآمدات پر پابندیاں عائد کردی ہیں جو سیمی کنڈکٹرز، الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں اور ہتھیاروں کے نظام سمیت دیگر مصنوعات کے لیے ضروری ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے یورپی یونین کے تجارتی سربراہ ماروس سیفکووچ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ ان وسائل کا ایک ہی جگہ مرکوز ہونا اور یہ حقیقت کہ ان پر ایک یا دو مقامات کا غلبہ ہے ایک ناقابلِ قبول خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین کا اشتراک غیر معمولی ہے۔ ہم مل کر ان اہم معدنیات کے سب سے بڑے خریدار اور صارف بن جاتے ہیں۔