شیخ عمر ریحان یو بی جی کراچی کے چیئرمین مقرر
- صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی امید
یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر نے معروف صنعت کار، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر اور سابق چیئرمین پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن شیخ عمر ریحان کو یو بی جی کراچی ریجن کا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔ یہ تقرری ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور صنعتی و کاروباری شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں کی گئی ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ شیخ عمر ریحان کاروباری برادری میں معتبر اور متحرک شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ صنعت کاروں اور تاجروں کو متحد کرنے، ان کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس تقرری سے یو بی جی کی تنظیمی قوت اور کاروباری برادری سے روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ کراچی ملک کا اہم صنعتی و تجارتی مرکز ہے، جہاں کاروباری ماحول کی بہتری اور صنعتی سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے۔
دریں اثنا کاٹی نے شیخ عمر ریحان کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صنعتی علاقوں میں بنیادی سہولتوں، پانی، سیوریج، سڑکوں اور امن و امان کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائیں گے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔






















Comments