کراچی میں عمارت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، 13 تاحال لاپتا
- ریسکیو ٹیموں نے اب تک ملبے سے 6 لاشیں نکال لی ہیں، جبکہ 14 زخمیوں کو بھی باہر منتقل کیا , ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے
ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، جبکہ 14 افراد زخمی اور 13 تاحال لاپتا ہیں۔
جمعے کو ریسکیو حکام کے حوالے سے آج نیوز نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے اب تک ملبے سے 6 لاشیں نکال لی ہیں، جبکہ 14 زخمیوں کو بھی باہر منتقل کیا گیا ہے۔ ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں انتہائی احتیاط سے کی جا رہی ہیں اور بھاری مشینری کے بجائے زیادہ تر دستی طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری کے استعمال سے ملبے تلے دبے افراد کی لاشوں کو نقصان پہنچنے اور عمارت کے باقی ماندہ حصے کے منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت گرنے سے کچھ دیر قبل اس میں لرزش محسوس کی گئی تھی۔ پانچویں منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک دھماکے جیسی زور دار آواز کے ساتھ عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
یہ واقعہ بدھ کو بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں پیش آیا۔ 600 مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی عمارت کی بالائی منزلیں منہدم ہوگئیں۔
























Comments