انڈونیشیا کی نئی برآمدی ڈیوٹی کی تجویز، پام آئل کی قیمتوں میں اضافہ
- پام آئل کے بینچ مارک معاہدے کی قیمت 26 رنگٹ اضافے سے 4,255 رنگٹ فی میٹرک ٹن ہوگئی
ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتوں میں جمعرات کو اضافہ ہوا جس کی وجہ انڈونیشیا کے پام آئل پر عائد کی جانے والی مجوزہ برآمدی تصدیقی فیس کی خبر بنی۔ اس اقدام سے دنیا کے دوسرے بڑے پام آئل برآمد کنندہ ملک ملائیشیا کی جانب مزید خریدار راغب ہونے کا امکان ہے۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں فروری میں ترسیل کے لیے پام آئل کے بینچ مارک معاہدے کی قیمت دوپہر کے وقفے تک 26 رنگٹ یعنی 0.61 فیصد اضافے سے 4,255 رنگٹ فی میٹرک ٹن ہوگئی۔
پام آئل کی بروکریج فرم پلندونگ بیستاری کے ڈائریکٹر پراملنگم سپرمانیئم نے کہا کہ انڈونیشیا کی جانب سے برآمدی ڈیوٹی عائد کرنے کے اعلان کے بعد قیمتوں میں کچھ ردوبدل دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کے بقول بہت سے خریدار ملائیشیا کے پام آئل، خصوصاً خام پام آئل (سی پی او) کی جانب رخ کرسکتے ہیں۔ انڈونیشیا کی جانب سے ملک کی اجناس کی برآمدات کی نگرانی کے لیے قائم کردہ ادارے دانانتارا سمبردایا انڈونیشیا نے پام آئل کی برآمدی فروخت کی مالیت پر 0.5 فیصد فیس عائد کرنے کی تجویز دی۔
انہوں نے کہا ک ملائیشین رنگٹ کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 0.05 فیصد کمزور ہوئی جس سے بھی پام آئل کی قیمتوں کو سہارا ملا۔
تاہم، پرانے ذخائر کی بلند سطح اور سست طلب نے قیمتوں میں اضافے کے امکانات محدود رکھے۔























Comments