غنی ڈیریز نے فارم پر 600 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کرلیا
- غنی ڈیریز لمیٹڈ (جی ڈی ایل) ایک کارپوریٹ ڈیری فارم ہے جو خام دودھ تیار کرتا ہے
غنی ڈیریز لمیٹڈ نے جمعرات کو بتایا ہے کہ اس نے اپنے ڈیری فارم میں سولر توسیعی منصوبے کے تحت 600 کلو واٹ کا شمسی توانائی کا نظام کامیابی سے نصب کرلیا ہے۔
اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ اس نظام سے کمپنی کے توانائی کے اخراجات اور روایتی توانائی کے ذرائع پر انحصار میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے آپریشنل کارکردگی اور فارم کے پائیدار آپریشنز کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
منصوبے سے متعلق مالی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
غنی ڈیریز لمیٹڈ (جی ڈی ایل) ایک کارپوریٹ ڈیری فارم ہے جو خام دودھ تیار کرتا ہے۔ 2020 میں قائم ہونے والی اس کمپنی کو 2025 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کیا گیا۔ جی ڈی ایل، غنی گروپ کے تحت ضلع خوشاب کے علاقے نور پور تھل کے مقام رہداری میں کام کر رہی ہے۔ غنی گروپ کا قیام 1959 میں عمل میں آیا تھا۔
فارم میں 4 ہزار 500 مویشی موجود ہیں، جن میں زیادہ دودھ دینے والے جانور بھی شامل ہیں۔ فارم میں خودکار طریقے سے دودھ دوہنے کا نظام اور درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے والے شیڈز قائم ہیں۔
پاکستان میں کئی کمپنیاں ایندھن کی بڑھتی ہوئی لاگت پر قابو پانے، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور ماحولیاتی پائیداری میں کردار ادا کرنے کے لیے شمسی توانائی اپنا رہی ہیں۔
پینتھر ٹائرز لمیٹڈ نے اپنی پیداواری تنصیب میں 2.5 میگا واٹ کا شمسی توانائی کا نظام فعال کیا ہے۔ اسی طرح دیوان سیمنٹ لمیٹڈ نے کراچی میں اپنی پیداواری تنصیب پر 6 میگا واٹ کا شمسی توانائی کا نظام فعال کردیا ہے۔























Comments