جینسن ہوانگ کا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور غلطیوں کا اعتراف
- ہوانگ نے کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا میں این ویڈیا کے مرکزی دفتر میں ایک گھنٹے کے اجلاس کے دوران ملازمین سے گفتگو کی
این ویڈیا کے بحال کردہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ نے منگل کو کمپنی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے کمپنی کے ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا اور کچھ سنگین غلطیاں کیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، کمپنی کے معاملات سے واقف ایک شخص نے بتایا کہ ہوانگ نے کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا میں این ویڈیا کے مرکزی دفتر میں ایک گھنٹے کے اجلاس کے دوران ملازمین سے گفتگو کی۔ وہ تقریباً تین دہائیاں قبل قائم کی گئی کمپنی کے سربراہ کے طور پر ایک روز قبل واپس آئے تھے۔
ہوانگ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ پر دباؤ ڈالنے کے باعث انہیں دوبارہ عہدہ دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تھراپی لے رہے ہیں اور تسلیم کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قابل قبول نہیں تھی۔
ہوانگ کی واپسی پر پیر کو حصص میں تاریخی تیزی کے بعد منگل کو این ویڈیا کے حصص 5.9 فیصد گر گئے۔ سرمایہ کار اب ان کی واپسی سے وابستہ سیاسی اور انتظامی خطرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے مبینہ ازدواجی تعلقات، جن میں ایک چینی جاسوس سے تعلق کا الزام بھی شامل تھا، سامنے آنے کے بعد ہوانگ کے استعفے نے مارکیٹوں اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بے چینی پیدا کردی تھی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ہوانگ کی واپسی کا سہرا اپنے سر لیا۔ این ویڈیا کے مطابق امریکی حکومت کی رائے کے بعد بورڈ کو یقین تھا کہ ہوانگ کی بحالی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔
امریکی کانگریس کے دونوں جماعتوں کے ارکان نے فیصلے پر تنقید کی اور اس معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا۔
ہوانگ اور این ویڈیا کو ایف بی آئی، محکمہ انصاف اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن سمیت مختلف تحقیقات کا سامنا ہے۔ ہوانگ 3 دسمبر کو سینیٹ کی عوامی سماعت میں پیش ہوں گے۔
پیر کی تیزی کے بعد این ویڈیا دنیا کی دوسری سب سے قیمتی کمپنی بن گئی، تاہم اس کے حصص اکتوبر کی ریکارڈ بلند سطح سے تقریباً 31 فیصد نیچے ہیں۔





















Comments