پاکستان، برطانیہ اور نائجیریا کے اسکول عالمی ایوارڈز جیتنے والوں میں شامل
- پاکستان اور برازیل سمیت پانچ ممالک کے جدید طریقۂ تدریس اختیار کرنے والے اسکولوں کو تعلیم کے فروغ اور سماجی شمولیت کے لیے عالمی معیار کی کاوشوں پر سراہا گیا
پاکستان، برطانیہ، نائجیریا، برازیل اور جنوبی کوریا کے اسکولوں کو جمعرات کے روز ورلڈز بیسٹ اسکول پرائزز کا فاتح قرار دیا گیا۔ ان اسکولوں کو طلبہ کی فلاح و بہبود میں معاونت، محروم طبقات کی مدد اور سیکھنے کی پیچیدہ ضروریات رکھنے والے بچوں کے لیے مربوط معاونت فراہم کرنے سمیت مختلف شعبوں میں خدمات پر یہ اعزاز دیا گیا۔
عالمی سطح پر ماہرینِ تعلیم کے نیٹ ورک اور اس ایوارڈ کے منتظم ادارے ٹی فور ایجوکیشن نے بتایا کہ فاتح اسکولوں کو جنوری میں لندن میں ہونے والی ورلڈ اسکولز سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جہاں وہ پالیسی سازوں اور شعبۂ تعلیم سے وابستہ شخصیات کے سامنے اپنے طریقۂ کار پیش کریں گے۔
یہ سالانہ ایوارڈ ایسے وقت دیا گیا ہے جب فرانس میں ہائی اسکولوں کے طلبہ کی جانب سے اپنے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مرمت، مزید اساتذہ کی بھرتی اور جامعات میں اصلاحات کے مطالبات پر اسکولوں کی ناکہ بندی کے چند ہفتے ہی گزرے ہیں۔ یہ تحریک بعد ازاں مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی میں اضافے کے خلاف احتجاج میں تبدیل ہوگئی، جس میں ٹریڈ یونینز اور کارکن بھی شامل ہوگئے اور بعض مواقع پر یہ مظاہرے پُرتشدد رخ اختیار کرگئے۔
ٹی فور ایجوکیشن اور انعامات کے بانی وکاس پوٹا نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’نوجوان محض اپنے مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہیں۔ ہمارے اسکول، بالخصوص ایوارڈ جیتنے والے ادارے، طلبہ کو بہتر مستقبل کی امید دے رہے ہیں۔ وہ ان کمیونٹیز کی ضروریات کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں جن کی وہ خدمت کرتے ہیں۔‘‘
لندن کے سرکاری پرائمری اور سیکنڈری سطح کے خصوصی تعلیمی ادارے سوئس کاٹیج اسکول، ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر نے کمیونٹی اشتراک کا ایوارڈ جیتا۔ اسکول کو سیکھنے کی پیچیدہ ضروریات رکھنے والے طلبہ، جن میں سے بیشتر کا تعلق کم آمدنی والے گھرانوں سے ہے، کی معاونت کے لیے مختلف خدمات کو یکجا کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا۔ ادارہ تعلیم، کمیونٹی کی شمولیت، تھراپی، صحت کی سہولتوں اور روزگار کے حصول میں معاونت کو باہم مربوط کرتا ہے، تاکہ کلاس روم میں ہونے والی تعلیم کو وسیع تر معاشرتی زندگی سے جوڑا جاسکے۔
نائجیریا کے شہر ایپے میں واقع سلم ٹو اسکول گرین اکیڈمی نے ماحولیاتی اقدامات کا ایوارڈ حاصل کیا۔ فلاحی ادارے کے زیرِ انتظام یہ کنڈرگارٹن اور پرائمری اسکول دریائی علاقوں کی کمیونٹیز کے تقریباً 250 بچوں کو تعلیم فراہم کرتا ہے۔ اسے ماحول دوست طرزِ تعمیر اور عملی سرگرمیوں، منصوبوں اور کھیل پر مبنی تدریسی ماڈل پر سراہا گیا۔
اسکول شمسی توانائی سے چلتا ہے اور اس کی عمارت لکڑی اور بانس جیسے قدرتی مواد سے تعمیر کی گئی ہے۔ طلبہ کو پانی کے تحفظ، کچرے کے انتظام اور قابلِ تجدید توانائی سمیت ماحول دوست طریقوں سے متعلق تعلیم دی جاتی ہے۔
سرکاری پرائمری اسکول ایسکولا میونسپل جی ای ٹی فور سینٹیناریو نے مشکلات پر قابو پانے کا ایوارڈ جیتا۔ اسکول کے 261 طلبہ کے لیے تخلیقی صلاحیتوں، جذباتی نشوونما اور طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں پر مبنی عملی تدریسی ماڈل اختیار کیا گیا ہے۔ ریو ڈی جنیرو کی کچی آبادی کمپلیکسو دا مارے میں واقع یہ اسکول مقامی تشدد کے باعث 2024 میں 37 روز تک بند رہا تھا۔ یہاں ’’ڈریم فیکٹری‘‘ کے نام سے ایک پروگرام بھی چلایا جاتا ہے، جس کے تحت طلبہ مقامی مسائل کے حل کے لیے ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں۔
صحت مند زندگیوں کے فروغ میں معاونت کا ایوارڈ لاہور کے نجی تعلیمی ادارے ٹی این ایس بیکن ہاؤس کو دیا گیا، جہاں کنڈرگارٹن، پرائمری اور سیکنڈری سطح پر 1,100 سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ اسکول کو مختلف ذہنی و اعصابی ساخت رکھنے والے طلبہ کی معاونت کے لیے اختیار کردہ طریقۂ کار پر یہ اعزاز ملا۔
سیول کے نجی سیکنڈری اسکول جی اسکول نے جدت کا ایوارڈ حاصل کیا۔ اسکول کے تقریباً 70 طلبہ میں سے ہر ایک کو سماجی مسائل کے حل سے متعلق ایک طویل المدتی منصوبے کی ذمہ داری دی جاتی ہے۔ ایک ٹیم نے مقامی 27 کاروباری اداروں کو وہیل چیئر ریمپ نصب کرنے پر آمادہ کیا، تاکہ معذور افراد کے لیے رسائی آسان بنائی جاسکے۔
عوامی ووٹنگ کے ذریعے دیے جانے والے ایک الگ ایوارڈ، کمیونٹی چوائس، کا اعزاز استنبول کے مکمل اسکالرشپ پر مبنی بورڈنگ اسکول دارالشفقہ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کو ملا۔ ادارے کو دوہری تدریسی حکمتِ عملی پر سراہا گیا، جس میں زلزلوں سے متاثرہ بچوں کے لیے فاصلاتی تعلیم کا انتظام بھی شامل ہے۔

























Comments