بارٹی ٹینس ہال آف فیم میں شمولیت پر خوش، عظیم کھلاڑیوں کی صف میں جگہ ملنا اعزاز قرار
- ہمہ جہت کھیل کی صلاحیت رکھنے والی آسٹریلوی کھلاڑی نے تین مختلف کورٹ سرفیسز پر گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے، جن میں 2019 کا فرنچ اوپن اور 2021 کا ومبلڈن ٹائٹل شامل ہیں
آسٹریلیا کی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ایشلے بارٹی نے انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شمولیت کو اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود کو کھیل کے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہونے کا اہل نہیں سمجھتیں۔
تین مرتبہ گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیتنے والی 30 سالہ بارٹی کو آئندہ سال اگست میں امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر نیوپورٹ میں منعقدہ تقریب میں باضابطہ طور پر ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا۔ اس اعزاز کے ساتھ وہ راجر فیڈرر، بلی جین کنگ اور مارگریٹ کورٹ جیسے نامور کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوجائیں گی۔
تقریباً پانچ سال قبل ٹینس سے ریٹائر ہونے والی بارٹی کو اس فیصلے کی اطلاع ایک سرپرائز فون کال کے ذریعے دی گئی۔ انہیں فیڈرر اور مارٹینا ناوراتیلووا سمیت ہال آف فیم کے تقریباً 20 ارکان نے مبارک باد کے پیغامات بھی بھیجے۔
بارٹی نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد خوش اور شکر گزار ہیں، تاہم انہیں اب بھی محسوس ہوتا ہے کہ وہ اس مقام کی پوری طرح اہل نہیں۔ ان کے بقول ہال آف فیم ٹینس کے عظیم ترین کھلاڑیوں کے لیے ہے۔
انہوں نے 2022 میں آسٹریلین اوپن جیت کر 44 سال بعد آسٹریلیا کو خواتین کے سنگلز مقابلوں میں ہوم گراؤنڈ پر چیمپئن بننے کا اعزاز دلایا تھا۔
























Comments