این ڈی ایم اے، سندھ کے چار اضلاع میں شدید خشک سالی کے خدشے پر ہائی الرٹ جاری
- بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے بعض علاقوں میں بھی خشک سالی کی صورتحال کا سامنا ہے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے سندھ کے متعدد اضلاع میں شدید خشک سالی کے خدشے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ای او سی کے مطابق عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں شدید خشک سالی کا خطرہ زیادہ ہے۔ مرکز کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
این ای او سی نے بتایا کہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے بعض علاقوں میں بھی خشک سالی کی صورتحال کا سامنا ہے۔
این ای او سی نے ابھرتی ہوئی صورتحال کی وجوہات میں معمول سے کم بارشوں، طویل خشک موسم، درجہ حرارت میں اضافے اور مون سون کی بارشوں کے انداز میں تبدیلی کو قرار دیا ہے۔
سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس سے صورتحال مزید سنگین ہورہی ہے۔
این ای او سی کے مطابق پانی کی قلت نے متاثرہ علاقوں میں زرعی سرگرمیوں اور فصلوں کی پیداوار کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے باعث غذائی عدم تحفظ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب آبی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے اور متاثرہ کسانوں اور دیہی آبادیوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور اپنی فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔




















Comments