کرنٹ اکاونٹ خسارے سے نکل آیا، اکتوبر میں 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا سرپلس ریکارڈ
- رواں ماہ ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافے کے باعث جاری کھاتے میں سرپلس ریکارڈ کیا گیا
اسٹیٹ بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے جاری کھاتے میں اکتوبر 2026 کے دوران 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین اعدادوشمار سے قبل ستمبر 2026 میں 37 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ اکتوبر 2025 میں 30 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ستمبر 2026 کے جاری کھاتے کا خسارہ پہلے 35 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ظاہر کیا گیا تھا جس پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے بڑھا کر 37 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کردیا گیا۔
رواں ماہ ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافے کے باعث جاری کھاتے میں سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کی سربراہِ تحقیق ثنا توفیق نے بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاری کھاتے میں سرپلس کی بنیادی وجہ ترسیلاتِ زر سالانہ بنیاد پر 14 فیصد اضافے کے ساتھ 3.9 ارب ڈالر تک پہنچنا اور اشیا کی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درآمدات کی طلب میں اضافے کے باعث دباؤ برقرار ہے جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ سالانہ 9 فیصد بڑھ کر 3.2 ارب ڈالر ہو گیا ہے، تاہم ترسیلاتِ زر کی مستحکم آمد تجارتی خسارے میں اضافے کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
ثنا توفیق نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ قابلِ انتظام رہنے اور جی ڈی پی کے 0 سے 1 فیصد کی حد میں رہنے کی توقع ہے کیونکہ ترسیلاتِ زر کی مسلسل آمد اور برآمدات میں اضافہ درآمدات میں اضافے کے اثرات کو بڑی حد تک زائل کرسکتے ہیں۔
اکتوبر 2026 میں ملک کی اشیا اور خدمات کی مجموعی برآمدات 3.87 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ریکارڈ کی گئی 3.46 ارب ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں تقریباً 12 فیصد زیادہ ہیں۔
دریں اثنا اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر 2026 کے دوران ملک کی مجموعی درآمدات 7.08 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ریکارڈ کی گئی 6.41 ارب ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد سے زائد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
اکتوبر 2026 میں پاکستان کو موصول ہونے والی کارکنوں کی ترسیلاتِ زر 3.89 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ 3.42 ارب ڈالر تھیں، اس طرح سالانہ بنیاد پر ان میں تقریباً 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران ملک کے جاری کھاتے کا خسارہ 85 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ خسارہ ایک ارب 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ریئر انڈیکس
پاکستان کا ریئل ایفیکٹیو ایکسچینج ریٹ (ریئر) انڈیکس اکتوبر 2026 میں معمولی اضافے کے بعد 110.62 تک پہنچ گیا جو ستمبر 2026 میں 108.89 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح اشاریے میں 0.83 فیصد اضافہ ہوا۔
ریئر 100 سے زیادہ ہونے کا مطلب ہے کہ ملکی برآمدات عالمی منڈی میں مسابقتی لحاظ سے کمزور ہوجاتی ہیں جبکہ درآمدات نسبتاً سستی ہو جاتی ہیں۔ اس کے برعکس، جب یہ اشاریہ 100 سے کم ہو تو صورتحال الٹ جاتی ہے۔




















Comments