پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری مؤخر کرنے کی تجویز دی ہے جس کا آغاز جنوری 2027 میں ہونا طے ہے اور اس سلسلے میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری پہلے مرحلے میں کی جائے گی۔ کمیٹی کا اعتراض ڈسکوز کے اثاثوں اور واجبات سے متعلق واضح معلومات اور شفافیت کے فقدان پر مبنی ہے۔
یہ ایک جائز تشویش ہے کیونکہ اثاثوں کی درست مالیت کا تعین کیے بغیر کسی کمپنی کو اس کی اصل قدر سے زیادہ یا کم قیمت پر فروخت کیا جاسکتا ہے جس سے خریدار یا فروخت کنندہ میں سے کسی ایک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ مزید برآں اس کا اثر صارفین پر بھی پڑتا ہے کیونکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیرف کا تعین ان کے اثاثوں پر حاصل ہونے والے منافع کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
اثاثوں کی زیادہ مالیت سے کمپنی کی قدر میں اضافہ ہوگا اور حکومت کو نجکاری کے نتیجے میں ایک مرتبہ زیادہ رقم حاصل ہوگی, تاہم اس کا مطلب یہ بھی ہوگا کہ صارفین کے ماہانہ بجلی کے بلوں میں اضافہ ہوگا۔
سوال یہ ہے کہ جب تمام معاملات کو واضح اور شفاف بنایا جا سکتا ہے تو پھر ابہام کیوں برقرار رکھا جائے؟ زیادہ شفافیت سے غیر ضروری تنقید سے بچنے میں بھی مدد ملے گی، جیسا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے میں دیکھنے میں آیا، جہاں عام تاثر یہ ہے کہ قومی ایئرلائن کو بہت کم قیمت پر فروخت کیا گیا۔ بعض حلقوں کا مؤقف ہے کہ پی آئی اے کے صرف لینڈنگ رائٹس ہی اس سے زیادہ مالیت رکھتے تھے جبکہ دیگر حلقے حکومت کو ایئرلائن کی بیشتر واجبات اپنے ذمے رکھنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
تاہم ممکن ہے کہ کمپنی کو اس کی خالص اثاثہ جاتی مالیت کے پیش نظر مناسب قیمت پر فروخت کیا گیا ہو۔ لین دین میں زیادہ شفافیت سے صورتحال واضح ہو سکتی تھی اور اس حوالے سے پائے جانے والے کئی خدشات دور کیے جا سکتے تھے۔
بجلی کے شعبے کی تقسیم کار کمپنیوں کی صورتحال اس سے بالکل مختلف ہے۔ پی آئی اے عوام کو کوئی بنیادی سہولت فراہم نہیں کرتی تھی اور آبادی کی بہت بڑی اکثریت ہوائی سفر نہیں کرتی۔
اس کے علاوہ، اسے نجی شعبے کے اداروں سے بھی مقابلہ درپیش ہے۔ پی آئی اے کی نجکاری کا بنیادی مقصد حکومتی نقصانات میں کمی لانا تھا، اس امید کے ساتھ کہ کبھی ملک کا فخر سمجھی جانے والی اس ایئرلائن کے برانڈ کو دوبارہ بحال کیا جاسکے گا۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے معاملے میں ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔ بجلی استعمال کرنے والا ہر شخص ان کمپنیوں کا صارف ہے اور بجلی کو بنیادی ضرورت تصور کیا جاتا ہے کیونکہ بجلی کے بغیر کسی بھی گھر کے معمولات زندگی چلانا ممکن نہیں۔ بجلی کے بل ہر شخص کو متاثر کرتے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی کا پورا نظام بھی خاصا پیچیدہ ہے۔
اسی لیے ان کمپنیوں کی نجکاری ایک مشکل مرحلہ ہے، جس کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات درکار ہیں۔ اس حوالے سے اب بھی کئی معاملات غیر یقینی اور حل طلب ہیں۔
اگرچہ وزیر نجکاری پُرجوش ہیں اور انہوں نے بین الاقوامی شہرت کے حامل موزوں مشیر بھی مقرر کر رکھے ہیں، تاہم ان لین دین میں جلدبازی کی ضرورت نہیں، کیونکہ ایسا کرنے سے نجکاری کے بعد مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ کے الیکٹرک کا تجربہ جسے اب بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اس حوالے سے ایک اہم مثال ہے کہ معاملات کس طرح خراب ہوسکتے ہیں۔
اثاثوں کی مالیت کے تعین میں رئیل اسٹیٹ کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ جائیدادوں کو نجکاری کے لین دین سے الگ رکھا جائے۔ اس مقصد کے لیے یہ جائیدادیں حکومت کو منتقل کردی جائیں گی اور بعد ازاں یوٹیلٹی کمپنیوں کو لیز پر واپس دے دی جائیں گی۔ آج بھی بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں اپنی جائیدادوں کی مالیت محض ایک روپے ظاہر کرتی ہیں جس کے باعث نہ صرف اثاثوں کی مجموعی مالیت کم رہتی ہے بلکہ بجلی کے نرخ بھی کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
تاہم گرڈ اسٹیشنز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے اثاثوں کی درست مالیت کا تعین کرنا زیادہ بہتر ہوگا کیونکہ یہ وقت گزرنے کے ساتھ اپنی قدر کھونے والے اثاثے ہیں۔ اگر حکومت ان اثاثوں کی مالیت زیادہ مقرر کرتی ہے تو اسے نجکاری کے نتیجے میں ایک مرتبہ زیادہ رقم تو حاصل ہو سکتی ہے لیکن اس کے نتیجے میں صارفین کو مسلسل زیادہ بجلی کے نرخوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان میں یوٹیلٹی کمپنیوں کی مالیت کا تعین، دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح، ان کے ریگولیٹڈ اثاثوں پر حاصل ہونے والے منافع کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نجکاری کمیشن ان اثاثوں پر 14.5 فیصد منافع دینے کی تجویز پر غور کررہا ہے۔ اس تناظر میں اثاثوں کی مالیت کا درست تعین خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اثاثوں کی مالیت میں کسی بھی اضافے کے براہِ راست اثرات بجلی کے نرخوں پر مرتب ہوسکتے ہیں۔
حکومت کو تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ نجکاری کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور جائیدادوں کو لیز پر دینے کی شرائط بھی سوچ سمجھ کر طے کی جائیں تاکہ نہ حکومت کو نقصان ہو اور نہ خریدار کو زیادہ قیمت ادا کرنا پڑے کیونکہ اس کا بوجھ بالآخر غریب صارفین پر ہی پڑے گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026























Comments