اے آئی کا بے دریغ استعمال، مؤثر ابلاغ کا فقدان
- پاکستان میں برانڈز، سیاسی جماعتیں اور خبر رساں ادارے اے آئی کے ذریعے کچھ نہ کچھ پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں
امریکی اداکارہ اور ماڈل مارلن منرو کا انتقال 1962 میں ہوا تھا۔ 64 سال گزرنے کے باوجود ان کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایک تصویر اب بھی اتنی صلاحیت رکھتی ہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کا جواب دینے پر آمادہ کرسکتی ہے۔ تاہم، یہ واقعہ اس تحریر کا موضوع نہیں ہے۔ یہ تحریر اس بارے میں ہے کہ حکومت عوام سے بات چیت کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیسے کرتی ہے۔
پاکستان میں برانڈز، سیاسی جماعتیں اور خبر رساں ادارے اے آئی کے ذریعے کچھ نہ کچھ پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ جہاں تک میرا مشاہدہ ہے، حکومت زیادہ تر اس ٹیکنالوجی کو صرف اس پیغام کو سجانے کے لیے استعمال کررہی ہے جو وہ پہلے ہی دینا چاہتی تھی۔
ایک ملک کی حیثیت سے ہم اے آئی کی جدید ترین ٹیکنالوجی تیار کرنے کی عالمی دوڑ میں شامل نہیں ہیں، لیکن اس کے تیز رفتار اور مؤثر صارفین بننے کی دوڑ میں یقیناً شامل ہیں۔ تاریخی طور پر ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی شدید کمی کا سامنا رہا ہے۔ تاہم، آج رسائی کے معاملے میں یہ فرق ختم ہوچکا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور نواب شاہ میں کام کرنے والے افراد کو بھی اب وہی عالمی معیار کا تحقیقی معاون، حکمت عملی ساز اور پروگرامر دستیاب ہے جو سلیکون ویلی میں بیٹھے کسی ٹیکنالوجی ایگزیکٹو کو حاصل ہے۔
لیکن ہم اس سہولت سے کیا کررہے ہیں؟ اگر ہم مارکیٹنگ اور ابلاغ کے شعبے کا جائزہ لیں تو زیادہ کچھ ہوتا نظر نہیں آتا۔ درحقیقت، مقدار کے لحاظ سے بہت کچھ ہورہا ہے، لیکن معیار کے لحاظ سے نہیں۔
آج آپ کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو کھولیں تو اے آئی آپ کے سامنے موجود نظر آتی ہے۔ شاید ہی کوئی ایسی سوشل میڈیا پوسٹ ہو جسے اے آئی ٹولز کے ذریعے بہتر نہ بنایا گیا ہو۔ کبھی یہ ایک سادہ سی تصویر ہوتی ہے، کبھی ویڈیو اور زیادہ تر مواقع پر پوسٹ کے کیپشن اور تفصیلات کو اے آئی کی مدد سے بہتر بنایا جاتا ہے۔
سرکاری محکمے اور وزارتیں بھی خاموشی سے، باقاعدگی کے ساتھ اور معمول کے مطابق اے آئی استعمال کررہی ہیں۔ اس کا استعمال زیادہ تر معلوماتی گرافکس، جامد تصاویر اور کیپشنز کی تیاری میں ہورہا ہے۔ وہ اس کا استعمال لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نہیں کررہے، بلکہ یہ دکھانے کے لیے کررہے ہیں کہ انہیں بھی چیٹ جی پی ٹی تک رسائی حاصل ہے اور ان کا سوشل میڈیا ایگزیکٹو بھی پریس ریلیز اپ لوڈ کرکے اسے معلوماتی گرافک میں تبدیل کرنے کا حکم دے سکتا ہے۔ جی ہاں، بس یہی کچھ ہے۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہلی کوشش میں جو تصویر سامنے آتی ہے، اسے ہی سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع کردیا جاتا ہے۔ میں پہلی کوشش کی بات کیوں کررہا ہوں؟ اس لیے کہ جب آپ کا پرامپٹ صرف ایک سطر پر مشتمل ہو اور اس میں کسی قسم کی گہرائی یا تفصیل موجود نہ ہو تو پہلی کوشش میں تقریباً ہمیشہ انتہائی عمومی، روایتی اور گھسے پٹے انداز کی تصویر سامنے آتی ہے۔
نوجوانوں کے بارے میں کوئی پوسٹ شائع کی جاتی ہے تو اس میں دکھائے گئے تمام نوجوان ایک جیسے نظر آتے ہیں۔ صرف ان کی عمر یا دیگر خصوصیات ہی ایک جیسی نہیں ہوتیں بلکہ وہ حقیقتاً ایک دوسرے کی نقل دکھائی دیتے ہیں۔ سرمایہ کاری کے بارے میں کسی پوسٹ میں اوپر کی جانب جاتا ہوا تیر اور کہیں نہ کہیں پاکستان کا جھنڈا ضرور دکھائی دے گا۔ بعض اوقات معلوماتی گرافک میں پاکستان کے جھنڈے کا سفید حصہ ہی غائب ہوتا ہے، یا تصویر میں دو افراد کا موازنہ کرتے ہوئے دونوں جانب دکھائے گئے افراد کی ظاہری خصوصیات مختلف ہوتی ہیں۔ نہ دوبارہ غور کیا جاتا ہے اور نہ ہی فنکارانہ سمت متعین کرنے کی کوئی کوشش ہوتی ہے۔ حکومتی ابلاغی سرگرمیوں میں اے آئی ڈیزائن کے ایک معاون آلے کے بجائے خود ڈیزائن کا متبادل بن چکی ہے۔
یہ معاملہ کسی برانڈ کے مقابلے میں حکومت کے لیے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ جب کوئی برانڈ غیر محتاط انداز میں کوئی تصویر شائع کرتا ہے تو اسے اپنے صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پھر وہ آگے بڑھ جاتا ہے۔ لیکن حکومت وہ ادارہ ہے جو مسلسل لوگوں سے کہتا ہے کہ کوئی چیز شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں، آن لائن نظر آنے والی چیزوں پر شک کریں اور سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔ ایسے میں یہ مطالبہ کرنا مشکل ہوجاتا ہے جب خود سرکاری ذرائع اپنے گرافکس میں بنیادی باتوں کا بھی ہمیشہ خیال نہیں رکھتے۔
منصفانہ بات یہ ہے کہ چند سرکاری محکموں کو چھوڑ کر اے آئی کے آنے سے پہلے بھی سوشل میڈیا پر حکومتی پیغام رسانی کبھی زیادہ اچھی نہیں تھی۔ اسٹاک تصاویر استعمال کی جاتی تھیں اور ہر بار صرف سرخی تبدیل کرکے وہی پرانا ڈیزائن پیش کردیا جاتا تھا۔ لہٰذا مسئلہ اے آئی نے پیدا نہیں کیا۔ اس نے صرف کمزور معیار کے مواد کو زیادہ تیزی سے تیار کرنا اور کسی کے جائزے کے بغیر شائع کرنا آسان بنا دیا ہے۔
میرے خیال میں سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جس محنت کی کمی دکھائی دیتی ہے، وہ غیر سرکاری اکاؤنٹس پر نظر آتی ہے۔ جب آپ سوشل میڈیا فیڈز دیکھتے ہیں تو حکومت کے بیانیے کی حمایت کرنے والا زیادہ تر اے آئی سے تیار کردہ مواد ایک ہی زمرے میں آتا ہے، یعنی پروپیگنڈا یا محض سیاسی مواد۔
میرا یہ مطلب نہیں کہ یہ معاملہ صرف پاکستان تک محدود ہے؛ دنیا بھر کی ہر حکومت کسی نہ کسی شکل میں ایسا کرتی ہے۔ یہ سلسلہ رکنے والا نہیں، لیکن اے آئی کا استعمال صرف اسی مقصد کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔ ایک پروپیگنڈا ویڈیو مختصر مدت میں ایکس پر آسانی سے دوبارہ شیئر کی جاسکتی ہے، لیکن عوامی سطح پر وسیع تر بیانیے کو متاثر کرنے میں اس کا کردار بہت محدود ہوگا۔
جب ابلاغ کے لیے اے آئی کو اس کی مکمل صلاحیت کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ مؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔ ہم نے 2026 کی ایران اور امریکا کی جنگ کے دوران اس کی ایک مثال دیکھی ہے۔ ایرانی میڈیا ادارے انفجاری میڈیا (اخبار انفجاری) نے اے آئی سے تیار کردہ لیگو طرز کی مختصر سوشل میڈیا ویڈیوز بنا کر عالمی توجہ حاصل کی۔ ان ویڈیوز میں امریکا اور تنازع میں اس کے کردار کا مذاق اڑایا گیا تھا۔ یہ ویڈیوز لاکھوں افراد نے دیکھیں اور شیئر کیں۔
میری بات ان ویڈیوز میں پیش کیے گئے مؤقف کے بارے میں نہیں، بلکہ اس بارے میں ہے کہ انہیں کس طرح تیار کیا گیا۔ ان ویڈیوز میں اے آئی کا بہترین استعمال کیا گیا۔ میرے مشاہدے کے مطابق ان سب کا انداز ایک جیسا اور ہر ویڈیو کا تصور واضح تھا۔ ایسا نہیں لگتا کہ کسی نے اے آئی ٹول کی جانب سے پہلی بار تیار کی گئی چیز ہی شائع کردی ہو۔ یہ ویڈیوز جنگ کے عین دوران سامنے آئیں، جب خبروں میں پہلے ہی اس تنازع کا چرچا تھا، جس سے انہیں بہت فائدہ ہوا۔ معمول کے کام کرنے والی کسی سرکاری تنظیم کو اس طرح کے حالات میسر ہونے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ اصل چیز وہ محنت ہے جسے کوئی بھی اپنا سکتا ہے۔
ہمیں لیگو طرز کی اے آئی ویڈیوز بنانے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان 60 سے زائد مختلف زبانوں کا وطن ہے۔ اے آئی کے ذریعے ہم کم از کم یہ کام تو کرسکتے ہیں کہ حکومتی پالیسیوں کی پیچیدہ اور مشکل زبان کو آسان الفاظ میں تحریری اور صوتی شکل میں تبدیل کرکے ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے کم خواندہ افراد تک پہنچائیں۔ مواد شائع کرنے سے پہلے اس زبان سے واقف کسی شخص کو اس کا جائزہ لینا چاہیے۔
بھارت پہلے ہی اس نوعیت کا ایک نظام تیار کرچکا ہے۔ ’’بھاشینی‘‘ بھارت کا قومی اے آئی پر مبنی زبانوں کے ترجمے کا پلیٹ فارم ہے، جسے 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ 23 بھارتی زبانوں میں آواز پر مبنی خدمات فراہم کرتا ہے، 36 بھارتی زبانوں میں تحریری ترجمہ کرتا ہے اور 35 بین الاقوامی زبانوں کی بھی معاونت کرتا ہے۔ یہ سرکاری ویب سائٹس، شہری خدمات، عوامی تقریبات اور حتیٰ کہ براہِ راست تقاریر میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ یہ ترجمے کا ایک ٹول ہے، ابلاغی مہم نہیں، اور میرا یہ مطلب نہیں کہ پاکستان کو اسے جوں کا توں اپنا لینا چاہیے۔ لیکن یہ ضرور ظاہر کرتا ہے کہ جب کوئی ریاست یہ فیصلہ کرلے کہ عوام کو اپنی بات سمجھانا بھی اس کی ذمہ داری ہے، نہ کہ سامعین خود ہی اسے سمجھنے کی کوشش کریں، تو وہ کیا کچھ کرسکتی ہے۔
رسائی کے معاملے میں فرق ختم ہوچکا ہے۔ آج کوئی بھی شخص جو سرکاری اکاؤنٹ چلا رہا ہے، اسے وہی ٹولز دستیاب ہیں جو دوسروں کے پاس ہیں۔ اب ایک پوسٹ کو دوسری پوسٹ سے ممتاز کرنے والی چیز یہ ہے کہ آیا اسے شائع کرنے سے پہلے کسی نے دوبارہ غور کیا یا نہیں، چاہے وہ کوئی گرافک ہو یا ترجمہ شدہ نوٹس۔ اس کام میں صرف چند منٹ لگتے ہیں اور میرے خیال میں اس کے لیے ایسے شخص کی ضرورت ہے جسے یہ کہنے کا اختیار حاصل ہو کہ یہ مواد مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہے۔ جب تک ایسا شخص متعلقہ ڈیسک پر موجود نہیں ہوگا، نوجوانوں کے بارے میں اگلی پوسٹ میں بھی وہی ایک چہرہ دکھائی دے گا۔
یہ مضمون لازماً بزنس ریکارڈر یا اس کے مالکان کی رائے کی عکاسی نہیں کرتا۔






















Comments