سونے کی قیمت میں کمی، سرمایہ کاروں کی توجہ امریکی مہنگائی کے اعدادوشمار پر مرکوز
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد کمی کے بعد 4,114.48 ڈالر فی اونس پر آگئی
سونے کی قیمتوں میں منگل کو کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ سرمایہ کاروں نے گزشتہ کاروباری سیشن میں سونے کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد اضافے کے بعد منافع حاصل کرنے کے لیے سونا فروخت کیا جب کہ وہ امریکی مہنگائی کے اعدادووشمار کے منتظر ہیں تاکہ فیڈرل ریزرو کی آئندہ مالی پالیسی کے حوالے سے اشارے مل سکیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد کمی کے بعد 4,114.48 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
دوسری جانب دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,123.50 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
مارکیٹ تجزیہ کار کائل روڈا نے کہا کہ مارکیٹ میں اس وقت معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آرہا ہے۔ امریکی کاروباری سیشن کے دوران بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد قیمتیں دوبارہ نیچے آرہی ہیں جس کی ایک وجہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کے لیے سونے کی فروخت ہوسکتی ہے۔
کائل روڈا نے کہا کہ اگر صورتحال یہی رہتی ہے کہ امریکہ مشرقِ وسطیٰ میں تنازع کو مزید بڑھانا نہیں چاہتا اور اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ کمی آ رہی ہے تو یہ سونے کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا، کیونکہ اس کا اثر ڈالر، مہنگائی اور شرحِ سود سے متعلق توقعات پر پڑے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ وہ فی الحال ایران کے خلاف نئے فوجی حملے روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق خطے کے مختلف ممالک کی جانب سے اپیلیں کی گئی تھیں جن میں قطر کے وزیراعظم کی وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کی گئی درخواست بھی شامل تھی۔
منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے گزشتہ روز ہونے والی گراوٹ میں مزید اضافہ ہوا۔
دریں اثنا، امریکی مرکزی بینک (فیڈرل ریزرو) کے رچمنڈ چیپٹر کے صدر ٹام بارکن نے پیر کو کہا کہ مہنگائی سے نمٹنے کے لیے مالیاتی پالیسی مرتب کرتے وقت فیڈرل ریزرو کو انتہائی احتیاط سے فیصلے کرنے چاہئیں، کیونکہ مہنگائی بدستور معیشت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر کے اجلاس میں کیا فیصلہ کیا جانا چاہیے، اس حوالے سے ان کے پاس فی الحال کوئی حتمی رائے نہیں ہے۔
شکاگو مرکنٹائل ایکسچینج (سی ایم ای) کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق سرمایہ کار اس وقت 84 فیصد امکان ظاہر کررہے ہیں کہ امریکی فیڈرل ریزرو دسمبر میں شرحِ سود میں اضافہ کرے گا۔
اب سرمایہ کار امریکی کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) رپورٹ کے منتظر ہیں، جو دن کے آخر میں جاری ہوگی جبکہ پروڈیوسر پرائس انڈیکس (پی پی آئی) کے اعداد و شمار جمعے کو سامنے آئیں گے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے بعد 53.14 ڈالر فی اونس پر آ گئی۔ پلاٹینم کی قیمت 1,576.44 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی جب کہ پیلیڈیم کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے بعد 1,039.47 ڈالر فی اونس ہو گئی۔


















Comments