سعودی عرب اور ترکیہ میں 3,000 میگاواٹ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کا معاہدہ
- ان معاہدوں کے نتیجے میں سعودی عرب کے تعاون سے ترکیہ میں تعمیر کیے جانے والے بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 5,000 میگاواٹ ہو جائے گی
سعودی عرب اور ترکیہ نے منگل کے روز فروری میں طے پانے والے معاہدے کے دوسرے مرحلے کے تحت ترکیہ میں بڑے پیمانے پر بجلی گھر تعمیر کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ترکیہ کی وزارت توانائی نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔
وزارت کے مطابق، معاہدے کے تحت مجموعی طور پر 3,000 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جائیں گے۔ یہ صلاحیت ترکیہ میں پہلے سے نصب شدہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت کے 20 فیصد حصے کے برابر ہے۔ اس معاہدے پر انطالیہ میں جاری کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر دستخط کیے گئے۔
ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اپنے اسٹرٹیجک تعاون کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سرمایہ کاریوں کا مقصد بجلی کے ترسیلی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور نظام میں لچک بڑھانا ہے۔
فروری میں طے پانے والے معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت سعودی کمپنی اے سی ڈبلیو اے پاور کو سیواس اور کارامان کے علاقے تاشیلی میں مجموعی طور پر 2,000 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل شمسی توانائی کے بجلی گھر تعمیر کرنا ہیں۔
ان معاہدوں کے نتیجے میں سعودی عرب کے تعاون سے ترکیہ میں تعمیر کیے جانے والے بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 5,000 میگاواٹ ہو جائے گی۔
حکومتی منصوبوں کے مطابق، ترکیہ کے طویل مدتی توانائی اہداف حاصل کرنے کے لیے ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی نئی تنصیبات کی مجموعی صلاحیت میں ہر سال اوسطاً 10,000 میگاواٹ کا اضافہ کرنا ضروری ہوگا۔






















Comments