بجلی چوری اور زائد بلنگ کی روک تھام کے لیے ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ
- منصوبے کے لیے فنڈز کے حصول میں پیش رفت ہوئی ہے، اس اقدام کا مقصد بجلی کے بلوں کی درستگی بہتر بنانا، بجلی چوری میں کمی اور صارفین کو زائد بلنگ سے محفوظ رکھنا ہے، اجلاس کو بریفنگ
حکومت نے بجلی چوری اور زائد بلنگ کی روک تھام کے لیے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کیا۔
احد چیمہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ ڈسکوز سے متعلق اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) کے ذریعے اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کے لیے مالی وسائل کے حصول پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لیے فنڈز کے حصول میں پیش رفت ہوئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بجلی کے بلوں کی درستگی بہتر بنانا، بجلی چوری میں کمی لانا اور صارفین کو زائد بلنگ سے محفوظ رکھنا ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد بھی اس منصوبے کا تسلسل یقینی بنانے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے اور نجی سرمایہ کاروں کو اسے آگے بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کے حوالے سے کثیرالجہتی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات نجکاری کا عمل مکمل ہونے تک جاری رہیں گے۔
اگر مذاکرات یا منصوبوں کی تیاری کے دوران کسی ڈسکو کی نجکاری ہو جاتی ہے تو طے شدہ انتظامات کے تحت متعلقہ مالی معاونت اور ترقیاتی منصوبے بھی منتقلی کے عمل کے حصے کے طور پر نجی سرمایہ کار کے حوالے کر دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی ڈسکو میں نجی سرمایہ کار کی جانب سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبے کے لیے مسابقتی بولی کا عمل لازمی ہوگا اور جہاں ضروری ہو، اسے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے منظوری بھی حاصل کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کے نتیجے میں صارفین پر اضافی اخراجات یا غیر ضروری مالی بوجھ نہیں پڑنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے نجکاری کے عمل میں سہولت فراہم کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ سرمایہ کار اپنی مالی اور معاہدے سے متعلق ذمہ داریاں پوری کریں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔






















Comments