لزبن میں رہائشی بحران کے خلاف احتجاج، پولیس نے خیمہ بستی ہٹادی
- پرتگال کو یورپ کے بدترین رہائشی بحرانوں میں سے ایک کا سامنا ہے
پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں پولیس نے اتوار کو روسیو اسکوائر میں قائم خیمہ بستی ختم کردی۔ یہ خیمے ہزاروں افراد کے احتجاج کے بعد لگائے گئے تھے، جنہوں نے ملک کی اقلیتی مرکز دائیں بازو کی حکومت سے کرایوں سے متعلق مجوزہ قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
پرتگال کو یورپ کے بدترین رہائشی بحرانوں میں سے ایک کا سامنا ہے، جس سے نوجوان طبقہ خاص طور پر متاثر ہوا ہے۔ 2017 کے بعد مکانات کی قیمتیں دوگنی سے زیادہ جبکہ نئے کرایہ ناموں کے کرائے تقریباً دوگنے ہوچکے ہیں۔
ہفتے کو وسطی لزبن میں ہونے والے مارچ کے بعد مظاہرین نے روسیو اسکوائر میں 50 سے زائد خیمے لگائے تھے۔ اتوار کی صبح ساڑھے چار بجے درجنوں پولیس اہلکاروں نے، جن میں کچھ پولیس کتوں کے ساتھ تھے، کارروائی کرتے ہوئے خیمے ہٹادیے۔ پولیس نے مزاحمت کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ڈھالوں اور لاٹھیوں کا استعمال کیا۔ پورٹو شہر میں بھی ایک چھوٹی خیمہ بستی ختم کردی گئی۔
مظاہرین ایسے مجوزہ قانون کی منسوخی چاہتے ہیں جس کے تحت بے دخلی آسان اور نئے کرایہ ناموں پر کرایوں کی حد ختم ہوجائے گی۔
وزیراعظم لوئس مونٹی نیگرو نے قانون واپس لینے سے انکار کیا ہے، تاہم حتمی منظوری سے قبل اس میں ترمیم پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ سوشلسٹ پارٹی کے رہنما نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپوزیشن اور مظاہرین سے مذاکرات کرے۔

























Comments