پاکستانی آٹو میکر سازگار نے فلپائن میں گاڑیاں تیار کرنے کا پلانٹ کھول لیا
- پلانٹ میں سالانہ 12 ہزار تین پہیوں والی گاڑیاں اسمبل کرنے کی گنجائش ہے
سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے فلپائن میں اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ اس پیش رفت کے ساتھ پاکستانی آٹو میکر نے جنوب مشرقی ایشیا میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دے دی ہے اور عالمی سطح پر اپنی پیداواری موجودگی کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
صوبہ لگونا میں واقع اس پلانٹ میں سالانہ تقریباً 12 ہزار تین پہیوں والی گاڑیاں اسمبل کرنے کی گنجائش ہے، جن میں الیکٹرک اور اندرونی احتراقی انجن (پیٹرول) دونوں اقسام کے ماڈلز شامل ہیں۔
فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ملک کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ ایسی کمپنیوں کو راغب کرنا چاہتا ہے جو مقامی مارکیٹ میں صرف اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے بجائے ملک کے اندر ہی اشیا تیار کریں۔
فلپائن کے صدر نے کہا کہ ہم اسی نوعیت کی سرمایہ کاری چاہتے ہیں، ایسی کمپنیاں نہیں جو صرف فلپائنی عوام کو اپنی مصنوعات فروخت کریں بلکہ وہ بھی جو یہاں کے لوگوں کے ساتھ مل کر اشیا تیار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پلانٹ ملک کے صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے اور ماحول دوست و پائیدار ٹرانسپورٹ کی جانب منتقلی میں معاون ثابت ہوگا۔
صدر کے مطابق اس پلانٹ سے فلپائنی کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ مقامی سپلائرز کے لیے بھی کاروباری امکانات بڑھیں گے۔ ان میں بیٹری سے متعلق پرزے، ربڑ اور لبریکنٹس (چکنا کرنے والے مادے) فراہم کرنے والے کاروبار بھی شامل ہیں۔
فلپائنی صدر نے مزید کہا کہ پلانٹ میں تیار ہونے والی الیکٹرک تین پہیوں والی گاڑیاں ایک مرتبہ چارج ہونے پر 100 سے 210 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہیں، جس سے ممکنہ طور پر پیٹرول کے بغیر پورے دن کی آمدورفت ممکن ہوگی۔
سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ 1991 میں پاکستان میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی، جبکہ 1994 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی کا درجہ دے دیا گیا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمیوں میں گاڑیوں، آٹوموٹو پرزہ جات اور لوازمات کے علاوہ گھریلو الیکٹرانک آلات کی تیاری اور فروخت شامل ہے۔
سازگار انجینئرنگ کو پاکستان میں رکشے بنانے والی بڑی کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے پیداواری پلانٹس لاہور میں واقع ہیں۔ کمپنی کی مصنوعات میں آٹو رکشے، ٹریکٹرز کے پہیوں کے رم اور گھریلو استعمال کی برقی مصنوعات شامل ہیں۔
سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ تین پہیوں والی گاڑیاں برآمد بھی کرتی ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے کے لیے سرگرم ہے۔
ماضی میں کمپنی جاپان، ایتھوپیا، قطر، دبئی، موریطانیہ اور افغانستان کو تین پہیوں والی گاڑیاں برآمد کرچکی ہے۔ 2024 میں سازگار نے جاپان، لائبیریا، تنزانیہ اور افغانستان کو اپنی گاڑیاں برآمد کیں۔
ستمبر 2025 میں سازگار نے نئی برآمدی منڈیوں میں توسیع کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا، جن میں فلپائن، میکسیکو اور افغانستان کو خصوصی ہدف بنایا گیا تھا۔ یہ اقدام کمپنی کی ترقی کو مستحکم بنانے اور آمدن کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ تھا۔


















Comments