ایس جی پاور لمیٹڈ کا نام تبدیل کرکے کرسٹ ویل ہیلتھ کیئر لمیٹڈ رکھ دیا گیا
- کمپنی کا نیا نام اور سکیورٹی سمبل جمعہ 23 اکتوبر سے مؤثر ہوگا
کمپنی کی درخواست پر ایس جی پاور لمیٹڈ کا نام اور ٹریڈنگ سمبل تبدیل کرکے کرسٹ ویل ہیلتھ کیئر لمیٹڈ کردیا گیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے منگل کو جاری کردہ نوٹس کے مطابق تمام مارکیٹ شرکاء کو مطلع کیا گیا کہ ایس جی پاور لمیٹڈ کا نام تبدیل کرکے کرسٹ ویل ہیلتھ کیئر لمیٹڈ رکھ دیا گیا ہے جبکہ کمپنی کی درخواست پر نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) نے اس کا نیا سکیورٹی سمبل سی ڈبلیو ایچ سی مقرر کیا ہے۔
نوٹس کے مطابق کمپنی کا نیا نام اور سکیورٹی سمبل جمعہ 23 اکتوبر سے مؤثر ہوگا۔
ایس جی پاور لمیٹڈ کو 10 فروری 1994ء کو پاکستان میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ ابتدا میں کمپنی اپنی متعلقہ کمپنی ایس جی الائیڈ بزنسز لمیٹڈ کو بجلی پیدا کرکے فراہم کرنے کے کاروبار سے وابستہ تھی اور اسے آئی پی پی کے طور پر درجہ بند کیا گیا تھا۔
مئی 2026ء میں ایس جی پاور لمیٹڈ نے رائٹس شیئرز کے اجرا کے ذریعے تقریباً 53 کروڑ 50 لاکھ روپے جمع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ اس فنڈ ریزنگ کا بنیادی مقصد صحت کے شعبے اور اس سے متعلقہ کاروبارمیں سرمایہ کاری کرنا تھا تاکہ آمدن کے ذرائع کو متنوع بنانے کے ساتھ انہیں مستحکم کیا جا سکے۔
جون 2026ء تک کمپنی نے بجلی کی پیداوار سے صحت کے شعبے کی جانب منتقلی کا عمل باضابطہ طور پر مکمل کرلیا جس کے بعد ایس ای سی پی نے اس کے بنیادی کاروبار کو فارماسیوٹیکل سے متعلقہ شعبے کے طور پر رجسٹر کرلیا۔ اس تبدیلی کے تحت کمپنی طبی آلات، میڈیکل ڈیوائسز، اسپتالوں کے سامان اور ادویہ کی درآمد، برآمد، تیاری، تقسیم، مارکیٹنگ، فروخت، کرائے پر فراہمی، تنصیب، دیکھ بھال اور سروسز فراہم کرسکتی ہے۔
اس تبدیلی کے بعد جولائی 2026ء میں ایس جی پاور لمیٹڈ نے پاکستان میں نائپرو کی اسپتالوں سے متعلق مصنوعات کی تقسیم کے لیے لیب لنک انٹرپرائزز کے ساتھ معاہدہ کرکے ملک کی میڈیکل ڈیوائسز مارکیٹ میں قدم رکھا۔






















Comments