لاہور چیمبر کی ٹیکس نیٹ میں توسیع کیلئے پی آر اے کو تعاون کی یقین دہانی
- لاہور چیمبر کے وفد اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کے درمیان ملاقات
لاہور چیمبر نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کو کاروباری اداروں کی رجسٹریشن کے فروغ اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ یقین دہانی لاہور چیمبر کے وفد اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کے درمیان ملاقات کے دوران کرائی گئی جس میں فریٹ فارورڈرز کو درپیش مسائل اور ٹیکس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز اور ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات پر توجہ دی گئی۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ چیمبر مزید کاروباری اداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی کوششوں میں تعاون کرے گا۔
اس موقع پر معظم اقبال سپرا نے کہا کہ خدمات پر سیلز ٹیکس کے حوالے سے کاروباری برادری کی رہنمائی اور سہولت کاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس سے متعلق امور میں آسانی، شفافیت اور مؤثر نگرانی بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام استعمال کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس نظام کو کاروبار کے لیے زیادہ سازگار بنانے کے لیے متعلقہ فریقوں کی تجاویز پر مناسب غور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد بہتر بنانے کے لیے کاروباری برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔ چیئرمین پی آر اے نے کاروباری افراد کو ٹیکس قوانین اور طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس ادائیگی کے عمل کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔






















Comments