غزہ میں اسرائیلی حملہ، 4 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ، طبی حکام
- علاقائی کشیدگی کے دوران غزہ سٹی میں اسرائیلی فضائی حملے سے ایک رہائشی عمارت تباہ ہوگئی، جس میں خواتین سمیت 5 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
غزہ سٹی میں طبی اور شہری دفاع کے حکام نے بتایا ہے کہ ہفتے کی علی الصبح ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔
طبی امدادی کارکنوں کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک عیسائی خاتون اور اس کی بیٹی بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
حملے کے نتیجے میں رہائشی عمارت تباہ ہوگئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
عینی شاہد احمد الدحدوح نے بتایا، ’’ہم سو رہے تھے کہ اچانک مسلسل حملوں اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ بچے گھبرا کر جاگ گئے اور دوڑتے ہوئے چیخنے چلانے لگے۔‘‘
انہوں نے رائٹرز کو بتایا، ’’ہم باہر نکلے تو دیکھا کہ ہمارے پڑوسی کے گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ وہاں خواتین، مرد اور بچوں سمیت کئی افراد کی لاشیں ملبے تلے بکھری پڑی تھیں۔ ہم نے انہیں نکالنا شروع کیا، وہ ملبے کے نیچے ادھر ادھر دبے ہوئے تھے۔‘‘
گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں ہونے والی غزہ جنگ بندی میں علاقے کی بالآخر تعمیر نو کا راستہ ہموار کرنے کی بات کی گئی تھی۔ تاہم جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کی جانب اب تک معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ معاہدے میں حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کی غزہ سے پسپائی کی شرائط بھی شامل ہیں۔
احمد الدحدوح نے کہا، ’’ہم مسلمان ہیں اور یہ ہمارے مسیحی بھائی تھے، جن کا کسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ وہ پُرامن لوگ تھے اور سب ہی ان سے محبت کرتے تھے۔ اب ہم نے ان کی لاشیں نکالی ہیں، ایک ماں اور اس کی بیٹی کی۔‘‘
اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ مسلح ہونے اور حملے کرنے میں مصروف ہے، جس کے باعث اس نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حماس کے خلاف حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔
حماس نے حملے کرنے یا اپنے اسلحہ خانے کی ازسرنو تعمیر کی کوششوں کی تردید کرتے ہوئے اسرائیل پر غزہ میں امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔
غزہ کے طبی حکام کے مطابق گزشتہ اکتوبر میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 1400 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران غزہ میں حماس کے ہاتھوں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔



















Comments