قانونی تنازع کے بعد پاکستانی کاروباری شخصیت مراد گیلانی کا نیسلے مصنوعات ترک کرنے کا فیصلہ
- ہم اپنا مالٹ پاؤڈر تیار کرچکے ہیں، اگلے 2 سے 3 دنوں میں آپ کو ڈبے پر ایک نیا نام بھی نظر آئے گا، مراد گیلانی
ڈیزاٹو (Dezāto)، ڈمبو ڈونٹس (Dumbo Donuts) اور فرائیڈ (FRIED) جیسے ڈیزرٹس اور فاسٹ فوڈ برانڈز کے بانی سید مراد گیلانی نے کہا ہے کہ نیسلے (Nestlé) کمپنی کے ساتھ ٹریڈ مارک کے استعمال پر ہونے والے قانونی تنازع کے بعد، ان کی کمپنی نیسلے کی مصنوعات کو بطور اجزاء استعمال کرنا بند کر دے گی اور مائیلو (Milo) اور سیریلیک (Cerelac) کے ناموں پر مشتمل مصنوعات کا استعمال بھی ختم کردے گی۔
انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں سید مراد گیلانی نے کہا کہ کمپنی نے اپنا مالٹ پاؤڈر تیار کر لیا ہے جس میں موٹو مالٹ میلٹ (MOTO MALT MELT) اب مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار اپنے سیریلیک کوکی (CERELAC COOKIE) اور ’مائیلو کوکی‘ (MILO COOKIE) نامی مصنوعات کو بھی تبدیل کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا۔ لیکن میں نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے۔
چاہے وہ کل واپس آ کر ہمیں یہ کہہ بھی دیں کہ ہم اجزاء کا نام استعمال جاری رکھ سکتے ہیں، ہم پھر بھی ایسا نہیں کریں گے۔
ہم پہلے ہی اپنا مالٹ پاؤڈر تیار کرچکے ہیں۔ اگلے 2 سے 3 دنوں میں آپ کو ڈبے پر ایک نیا نام بھی نظر آئے گا۔
موٹو مالٹ میلٹ (MOTO MALT MELT) اب مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار ہورہا ہے۔
ہمارا مالٹ۔ ہمارا فارمولا۔ ہماری ترکیب۔ کسی بڑی کارپوریشن پر کوئی انحصار نہیں۔
اب کوئی بھی ہمارے پروڈکٹ کو دوبارہ یرغمال نہیں بنا سکے گا۔
یہ فیصلہ سوسائٹی دی پروڈکٹس نیسلے ایس اے کی طرف سے 23 ستمبر کو جاری کیے گئے ایک قانونی نوٹس کے بعد سامنے آیا ہے جسے گیلانی نے اپنے وکلا کے ذریعے مسترد کر دیا ہے۔
29 ستمبر کو دی جانے والی ایک جوابی تحریر میں مرادز ڈاٹ پی کے (Murrads.pk) کے نام سے کاروبار کرنے والے گیلانی کی نمائندگی کرنے والے وکلاء نے نیسلے کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ کمپنی ایک سال سے زائد عرصے سے ان کی مصنوعات سے آگاہ تھی۔
آپ کا مؤکل ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے ہمارے مؤکل کی مصنوعات، ان کے ناموں، لوگو، پیکیجنگ اور اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ آپ کے مؤکل کی تیار کردہ مائیلو مصنوعات کو ان میں بطور اجزاء استعمال کیا جائے گا۔ آپ کے مؤکل کو ہمارے مؤکل کی مصنوعات کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا اور مجوزہ تصور دکھایا گیا تھا۔ آپ کے مؤکل پر یہ بات واضح کر دی گئی تھی کہ یہ مصنوعات ہمارے مؤکل کی اپنی ترکیب (ریسپی) پر مبنی ہیں، اور مائیلو (MILO) کو محض ایک جزو کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔“
گیلانی کی نمائندگی کرنے والے وکلا کی جانب سے دیے گئے جواب، جسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا میں کہا گیا کہ آپ کے موکل نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا اور اس کے بعد ہمارے موکل کو انہی نیسلے مصنوعات کی خریداری میں سہولت فراہم کی جو اب مبینہ خلاف ورزی کی بنیاد قرار دی جا رہی ہیں۔
جواب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گیلانی نے 23 جون 2025 کو لاہور میں نیلسے کے ہیڈکوارٹرز میں کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کی جہاں انہوں نے مائیلو کو بطور جزو استعمال کرتے ہوئے بیکری مصنوعات تیار کرنے کے اپنے ارادے سے آگاہ کیا اور نمائندوں کو ان مصنوعات کی مجوزہ پیشکش بھی دکھائی۔
قانونی جواب کے مطابق نیسلے کے نمائندوں نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ گیلانی کو یہ کام آگے بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی۔
جواب میں دعویٰ کیا گیا کہ مزید یہ کہ نیسلے کے ایک نمائندے نے ہمارے موکل کے کچن کا بھی دورہ کیا اور مصنوعات کی تیاری کا مکمل عمل دیکھا۔
آپ کے موکل کے نمائندوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اس کے برعکس انہوں نے حوصلہ افزائی کی اور ہمارے موکل کو مشورہ دیا کہ وہ ان مصنوعات کی تیاری اور فروخت کا سلسلہ جاری رکھیں۔
گیلانی کے وکلا نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ Murrads کی مصنوعات پر سریلیک اور مائیلو کے الفاظ صرف ذائقے اور استعمال کیے گئے اجزا کی نشاندہی کے لیے درج کیے گئے تھے، نہ کہ یہ تاثر دینے کے لیے کہ یہ مصنوعات نیسلے کی تیار کردہ، اسپانسر کردہ یا اس کی جانب سے منظور شدہ ہیں۔
سریلیک اور مائیلو کے الفاظ صارفین کو متعلقہ بیکری مصنوعات میں شامل کیے گئے اجزا کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں اور تیار شدہ بیکری مصنوعات کے تیار کنندہ یا ماخذ کے طور پر نیسلے کی نشاندہی نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ Murrads کی مصنوعات اپنے ہی برانڈ اور لوگو کے تحت فروخت کی جاتی تھیں اور ان میں نیسلے کی پیکیجنگ، لوگوز یا تجارتی انداز کی نقل نہیں کی گئی تھی۔
جواب میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیسلے کو کوئی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ہو سکتا ہے، کیونکہ Murrads کی مصنوعات میں نیسلے کی مصنوعات کو بطور اجزا استعمال کیا جاتا تھا جس کے نتیجے میں نیسلے کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا۔
جواب میں دعویٰ کیا گیا کہ ہمارے موکل کا کاروبار آپ کے موکل کی فروخت میں اضافہ کرتا ہے۔ اس سے آپ کے موکل کی ایک بھی فروخت متاثر نہیں ہوتی۔‘
ایک الگ بیان میں گیلانی نے کہا کہ اس کے باوجود کاروبار اپنی تمام سرگرمیوں سے نیسلے کی مصنوعات مکمل طور پر ختم کر دے گا۔
سریلیکٹ کوکی اور مائیلو کوکی بھی ختم کیے جا رہے ہیں۔
ان کی جگہ دو بالکل نئے ذائقے متعارف کرائے جائیں گے جنہیں میں بھی اتنا ہی معروف بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
اب ہم بڑے برانڈز کے سامنے دبنے والے نہیں ہیں۔
اگر انہیں یہ لگا کہ صرف اجزا کا نام استعمال کرنے سے روک دینے سے ہماری مصنوعات کی خاص بات بھی ختم ہو جائے گی تو وہ اس بات کو سمجھ نہیں سکے کہ اصل صلاحیت کہاں سے آ رہی تھی۔
وہ کبھی ان کے پاؤڈر میں نہیں تھی، بلکہ ہمارے کچن میں تھی۔
اگلے دو سے تین دن کے اندر ان کی مصنوعات کی رینج سے تعلق رکھنے والا ہر جزو ہمارے کچن سے ہٹا دیا جائے گا۔
نہ کوئی انحصار، نہ ہم پر کوئی دباؤ، نہ پیچھے مڑ کر دیکھنا۔
ہم یہ سب خود تیار کریں گے۔
اور اس کے نتیجے میں ہماری صورتحال مزید بہتر ہوگی۔




















Comments