بلوچستان، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 11 دہشت گرد ہلاک
- سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
اے پی پی نے ہفتے کو سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے گورندر اور ماشکیل میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ماشکیل میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کامیاب کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
























Comments