ویمن ایشیا کپ: بھارت کا ٹائٹل جیت کر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
- محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا ہے، امول مزومدار
بھارتی ویمن ٹیم نے ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر 8 ویں بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم بھارت نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اپنے ملک کے وزیرِداخلہ بھی ہیں، بھارتی ٹیم کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ سال مختصر فوجی تصادم ہوا جو تقریباً مکمل جنگ کی شکل اختیار کر گیا تھا۔
دونوں ممالک باہمی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ نہیں کھیلتے اور صرف آئی سی سی اور اے سی سی کے ٹورنامنٹس میں غیر جانبدار مقامات پر آمنے سامنے آتے ہیں۔
بھارتی کوچ امول مزومدار نے صحافیوں کو بتایا کہ محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اس فیصلے پر قائم ہیں۔ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہو چکا ہے۔ ہم چیمپئن ہیں، اور ہمارے لیے یہی کافی ہے۔
ہم متحد ہیں، مجھے اس ٹیم کے ہر فرد پر فخر ہے جس میں اسپورٹس اسٹاف اور کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
رائٹرز نے اے سی سی سے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت کی مینز کرکٹ ٹیم نے صدر اے سی سی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی کھلاڑیوں نے میچز سے قبل یا بعد میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کیا ہے اور خواتین ٹیم نے بھی اس پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے رواں ماہ کے اوائل میں ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے جاپان میں ایشین گیمز کے مردوں اور خواتین کے دونوں کرکٹ ٹورنامنٹس کے آخری مراحل میں بھی مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔
























Comments