پاکستان نے ملائیشیا کو ہرا کر جونیئر ایشیا کپ کانسی کا تمغہ جیت لیا
- پاکستان نے 2027 میں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا
پاکستان نے چین کے موکی میں کھیلے گئے 2026 مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ میں دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے ملائیشیا کو 4-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
ملائیشیا نے ابتدا ہی میں برتری حاصل کرلی، 11ویں منٹ میں ایڈم اشرف جوہری نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے دو منٹ بعد شفیق عمار فہمی سوزینی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری 2-0 کردی۔
دوسرے ہاف کے بعد پاکستان نے بھرپور واپسی کی، رانا عبدالصمد نے 34ویں اور 47 ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔
پاکستان نے اس کے پانچ منٹ بعد میچ میں پہلی بار برتری حاصل کی، جب محمد شہیر نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو 3-2 سے آگے کردیا۔
اس کے بعد ولید رانا نے 56 ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے پاکستان کی کانسی کے تمغے پر مہر ثبت کردی اور ٹیم کی چار گول کی شاندار واپسی مکمل ہوگئی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے جونیئر ایشیا کپ میں پوڈیم پر جگہ بنالی، جبکہ 2012 کی چیمپئن ملائیشیا مسلسل تیسری بار چوتھی پوزیشن پر رہی۔ ملائیشیا 2023 اور 2024 میں بھی چوتھے نمبر پر رہی تھی۔
پاکستان، ملائیشیا، بھارت اور جنوبی کوریا نے 2027 میں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
























Comments