ایس ای سی پی اور عسکری بینک کے درمیان اے پی آئی انضمام مکمل
- اس انضمام کے ذریعے بینک ایس ای سی پی سے کمپنیوں کی تصدیق شدہ معلومات براہِ راست اور محفوظ طریقے سے حاصل کرسکے گا
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور عسکری بینک لمیٹڈ نے اے پی آئی انضمام مکمل کرلیا ہے، جس کا مقصد نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کے لیے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھولنے کا عمل تیز اور دستاویزات کی ضروریات کم کرنا ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق عسکری بینک اس اقدام کے تحت ایس ای سی پی کے کارپوریٹ رجسٹری نظام سے اپنا سسٹم منسلک کرنے والا پہلا کمرشل بینک بن گیا ہے۔
اس انضمام کے ذریعے بینک ایس ای سی پی سے کمپنیوں کی تصدیق شدہ معلومات براہِ راست اور محفوظ طریقے سے حاصل کرسکے گا، جس سے دستی تصدیق، کمپنی کی دستاویزات بار بار جمع کرانے اور صارفین کی آن بورڈنگ میں لگنے والا وقت کم ہوگا۔
معاہدے پر ایس ای سی پی کمشنر مظفر مرزا اور عسکری بینک کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ شیخ راشد رؤف نے دستخط کیے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ یہ انضمام کاروباری عمل کو آسان بنانے، قابلِ اعتماد کارپوریٹ معلومات تک رسائی بہتر کرنے اور پاکستان میں کاروبار کے قیام کو سہل بنانے کے لیے ایس ای سی پی کی ڈیجیٹلائزیشن اور بی ریڈی اصلاحات کا حصہ ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق مستقبل میں دیگر بینکوں اور مالیاتی اداروں کو بھی ایسے ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ کاروباری عمل کو مزید آسان بنایا جاسکے۔























Comments