پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک
- صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی ملک میں داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 36 گھنٹے جاری رہنے والی کارروائی کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان سرحد کے قریب ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں کامیابی سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سرحد کے راستے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جو 36 گھنٹے تک جاری رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق درست نشانہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کی گئی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ بعد ازاں کی جانے والی کلیئرنس کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
برآمد ہونے والا اسلحہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کو مزید بے نقاب کرتا ہے جو پاکستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
فوج کے مطابق علاقے میں موجود مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے 15 بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ تحسین ہے۔ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنۃ الہندستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سکیورٹی فورسز کی انسدادِ دہشت گردی کی ’’عزمِ استحکام‘‘ مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، جو ملکی سرحدوں کے دفاع اور وطن کی سلامتی کے لیے برسرِ پیکار ہیں۔
























Comments