پاکستان نے 3 ارب ڈالر کا یورو بانڈ جاری کردیا
- وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے 5.5 سالہ بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر 7.5 فیصد کوپن ریٹ پر، جبکہ 10 سالہ بانڈ کے ذریعے 1.25 ارب ڈالر 7.9 فیصد کوپن ریٹ پر حاصل کیے۔
پاکستان نے دو مرحلوں پر مشتمل یورو بانڈ کے اجرا کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے ہیں، جس کے لیے تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں۔ وزارت خزانہ نے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا کہ اس اجرا نے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی حاصل کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے 5.5 سالہ بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر 7.5 فیصد کوپن ریٹ پر، جبکہ 10 سالہ بانڈ کے ذریعے 1.25 ارب ڈالر 7.9 فیصد کوپن ریٹ پر حاصل کیے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے ایک اہم دو مرحلوں پر مشتمل یورو بانڈ ٹرانزیکشن کے ذریعے کامیابی سے 3 ارب ڈالر جاری کیے ہیں، جو ایک ہی ٹرانزیکشن میں پاکستان کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ اجرا ہے۔
بیان کے مطابق اس ٹرانزیکشن کے لیے تقریباً 6 ارب ڈالر کی آرڈرز موصول ہوئیں، جو جاری کیے گئے بانڈز کی مالیت سے تقریباً دوگنی ہیں۔ یہ پیشکش عالمی منڈیوں اور مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی وسیع اور متنوع بنیاد کی جانب سے موصول ہوئی۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ کامیاب ٹرانزیکشن پاکستان کی عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ اور زیادہ متنوع رسائی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ عالمی سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد اور بڑے پیمانے پر بین الاقوامی فنڈنگ مارکیٹس تک رسائی حاصل کرنے کی پاکستان کی صلاحیت کا اظہار بھی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی کی وسیع تر حکمت عملی میں بھی اہم سنگ میل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کامیاب ابتدائی پانڈا بانڈ کے اجرا اور پاکستان کے خودمختار کریڈٹ پروفائل میں بہتری کے بعد یہ پاکستان کے تجدید شدہ اسٹریٹجک گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت پہلا اجرا ہے، جس سے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک متنوع رسائی کے لیے ایک پلیٹ فارم قائم ہوگیا ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ مقصد صرف اضافی قرض حاصل کرنا نہیں بلکہ فعال خودمختار قرضوں کے انتظام کی وسیع تر حکمت عملی اپنانا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانا، قرضوں کی مدت میں اضافہ، ری فنانسنگ اور رول اوور کے خطرات کم کرنا اور جہاں معاشی طور پر فائدہ مند ہو، مختصر مدت اور زیادہ مہنگی مالی ذمہ داریوں کو طویل مدت اور مسابقتی شرح پر حاصل کردہ فنانسنگ سے تبدیل کرنے کے مواقع پیدا کرنا شامل ہے۔
























Comments