کراچی پورٹ پر دیوہیکل کنٹینر بردار بحری جہاز لنگرانداز
- مرجام کی مجموعی گنجائش 19 ہزار 500 ٹی ای یوز ہے، انتظامیہ
کراچی پورٹ پر دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شمار ہونے والے ایم ایس سی مرجام کی کامیاب ہینڈلنگ کی گئی جسے ملکی بندرگاہی شعبے کےلیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق 400 میٹر طویل اور 58.8 میٹر چوڑے اس میگا کنٹینر جہاز نے کراچی پورٹ میں داخل ہوکرساؤتھ ایشیاپاکستان ٹرمینلز پر کامیابی سے برتھ کیا۔
کے پی ٹی انتظامیہ کےمطابق ایم ایس سی مرجام کی مجموعی گنجائش 19 ہزار 500 ٹی ای یوز ہے جبکہ اسکا ڈرافٹ 14.2 میٹر ہے جو اسے دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شامل کرتا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جہاز سے تقریباً 1500 کنٹینرز کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کی جائے گی جس کے لیے پورٹ پر تمام آپریشنز جدید سہولیات اور مربوط انتظامات کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق کراچی پورٹ پر کارگو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ایم ایس سی مرجام اپنا اگلا سفر عمان کی بندرگاہ پورٹ سلالہ کی جانب کرے گا۔
بندرگاہی حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے میگا کنٹینر جہازوں کی آمد کراچی پورٹ کی بڑھتی ہوئی استعداد، جدید انفرااسٹرکچر اور بین الاقوامی شپنگ لائنز کے اعتماد کا مظہر ہے جس سے پاکستان کی سمندری تجارت اور لاجسٹکس سرگرمیوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔





















Comments