ایس اینڈ پی گلوبل نے پروجیکٹ ایلیویٹ کا آغاز کر دیا
- پروگرام کا مقصد 600 سے زائد پاکستانی نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتیں اور کیریئر سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا ہے
ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان نے دی انڈس انٹرپرینیورز (ٹی آئی ای) اسلام آباد کے اشتراک سے پروجیکٹ ایلیویٹ کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جو تین سالہ منظم رہنمائی (مینٹورشپ) پروگرام ہے۔ اس پروگرام کا مقصد 600 سے زائد پاکستانی نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتیں اور کیریئر سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تیزی سے مسابقتی بنتی عالمی معیشت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔
پروجیکٹ ایلیویٹ تین سال تک جاری رہے گا اور ہر سال تقریباً 200 شرکا پر مشتمل ایک گروپ (کوہورٹ) کو ایس اینڈ پی گلوبل اور ٹی آئی ای کے تجربہ کار مینٹورز سے منسلک کیا جائے گا۔
یہ پروگرام یونیورسٹی طلبہ، کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں موجود پیشہ ور افراد، ابھرتے ہوئے کاروباری افراد (انٹرپرینیورز) اور فری لانسرز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جو پاکستان کی بدلتی ہوئی افرادی قوت کی عکاسی کرتا ہے۔
شرکاء کو انفرادی اور گروپ مینٹورشپ، کارپوریٹ ماحول میں کام کرنے کی تیاری، کیریئر ڈویلپمنٹ ورکشاپس، اور پاکستان میں ایس اینڈ پی گلوبل کی قیادت اور ٹی آئی ای کی کاروباری برادری کے ساتھ نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مجیب ظہور نے کہا کہ پروجیکٹ ایلیویٹ ان افراد میں ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہے جنہیں ہم مقامی اور عالمی سطح پر اقتصادی ترقی کا محرک سمجھتے ہیں۔ ہم اپنی مہارتیں اس لیے وقف کر رہے ہیں کیونکہ ہمیں پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے، اور ہم ایسا ماحول تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں انہیں ترقی، رہنمائی اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آئیں۔
ایس اینڈ پی گلوبل پاکستان کے سینئر ریجنل پیپل ایڈوائزر عطا الرحمن نے کہا کہ ہمارے نزدیک افراد ہی کسی بھی ادارے کی کامیابی کا سب سے اہم ذریعہ ہوتے ہیں۔ پروجیکٹ ایلیویٹ صرف مہارتیں فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ شرکا کو اعتماد، پیشہ ورانہ شناخت اور ایک ایسا مضبوط نیٹ ورک بھی فراہم کرے گا جو پروگرام کے اختتام کے بعد بھی ان کے ساتھ رہے گا۔
یہ پروگرام ایس اینڈ پی گلوبل کے اس عزم کا حصہ ہے جس کے تحت ادارہ افراد کی پیشہ ورانہ تربیت، قائدانہ صلاحیتوں، جدید مہارتوں اور ضروری وسائل میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ وہ تیزی سے بدلتی دنیا میں ترقی کر سکیں، نمایاں کارکردگی دکھا سکیں اور مؤثر قیادت کا کردار ادا کر سکیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026






















Comments