امریکا ایران کشیدگی، سونے کی قیمتوں میں کمی
- اسپاٹ گولڈ 0.7 فیصد کمی کے بعد 4,061.35 ڈالر فی اونس پر آ گیا
امریکا اور ایران کے درمیان خلیج میں حالیہ فوجی کارروائیوں کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کے سبب پیر کو عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
اسپاٹ گولڈ 0.7 فیصد کمی کے بعد 4,061.35 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ اگست کے لیے امریکی گولڈ فیوچر 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,076.40 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔ سونے کی قیمت مسلسل چوتھے ماہ گراوٹ کی جانب بڑھ رہی ہے اور جون کے دوران اس میں مجموعی طور پر 10.4 فیصد کمی متوقع ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق، ہفتے کے آخر میں امریکا اور ایران کے درمیان نئے حملوں نے ایک بار پھر خلیجی کشیدگی کو بڑھا دیا، جس سے خام تیل مہنگا ہوا اور عالمی سطح پر مہنگائی اور شرح سود سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا۔
اتوار کو ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تاہم بعد ازاں تہران اور واشنگٹن نے آبنائے ہرمز کے تنازع پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے اور حالیہ کشیدگی روکنے پر اتفاق بھی کیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خام تیل کی بلند قیمتیں مہنگائی کو بڑھا سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔ بلند شرح سود کے ماحول میں سونا، جو منافع نہیں دیتا، سرمایہ کاروں کے لیے نسبتاً کم پرکشش ہو جاتا ہے۔
سرمایہ کار اب امریکا میں رواں ہفتے جاری ہونے والے اے ڈی پی روزگار رپورٹ اور نان فارم پے رولز کے اعداد و شمار پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، کیونکہ ان سے فیڈرل ریزرو کی آئندہ مانیٹری پالیسی کے بارے میں اہم اشارے ملنے کی توقع ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 1.1 فیصد کمی کے ساتھ 58.51 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینم 1 فیصد اضافے سے 1,630.13 ڈالر اور پیلیڈیم 0.8 فیصد بڑھ کر 1,218.92 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔






















Comments