محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
- ضلعی انتظامیہ کے حکام، انتظامی کمیٹیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فوری مشاورتی اجلاس منعقد کریں
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر وزارتِ توانائی نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز)، نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) اور نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کو آپریشنل ہدایات جاری کی ہیں تاکہ محرم کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، خاص طور پر 9 اور 10 محرم (یومِ عاشور) پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق تمام ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے حکام، انتظامی کمیٹیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ فوری مشاورتی اجلاس منعقد کریں۔
ہر ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام آپریشنل سب ڈویژنوں اور اضلاع کی مقامی انتظامیہ سے مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں کی درست فہرستیں حاصل کریں۔
ہر ڈسکوز کے چیف انجینئر (آپریشن) کو بجلی کی فراہمی کے تسلسل کی نگرانی کے لیے مجموعی انچارج مقرر کیا گیا ہے جب کہ سرکل کی سطح پر مخصوص فوکل پرسنز نامزد کیے جائیں گے جو سول اور سیکیورٹی حکام کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ ریئل ٹائم (فوری) رابطہ برقرار رکھیں گے۔
تمام ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مجالس اور امام بارگاہوں کو بجلی فراہم کرنے والے نیٹ ورک اور ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی دیکھ بھال کا کام 7 محرم الحرام سے پہلے مکمل کرلیں۔
جلوس کے راستوں پر لٹکتی ہوئی تاروں کو فوری درست کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی حادثے کے خطرے کو ختم کیا جاسکے۔
ہر سب ڈویژن میں ہنگامی ٹیمیں مکمل آلات اور مشینری، ضروری سامان، ٹرانسفارمرز بشمول ٹرالی پر نصب یونٹس اور مخصوص گاڑیوں کے ساتھ پورے عرصے کے دوران الرٹ اور اسٹینڈ بائی رہیں گی۔
اس دوران علاقائی اور فیلڈ اسٹورز مسلسل سامان کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فعال رہیں گے اور ہر سب ڈویژن میں ہر وقت مکمل طور پر لیس گاڑیاں موجود رہیں گی۔
معلوم ہوا ہے کہ محرم آپریشنز کی نگرانی کے لیے انتظامی سطح پر چوبیس گھنٹے کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے۔
منیجرز (آپریشن)، ڈپٹی منیجرز (آپریشن) اور اسسٹنٹ منیجرز (آپریشن) کو اپنے پورے عملے کے ساتھ اپنے متعلقہ دفاتر میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹرانسمیشن کی سطح پر نیشنل گرڈ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این پی سی سی کے مختص کردہ کوٹے کے مطابق تمام ڈسکوز کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔
ڈسکوز کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیڈر لوڈ کو منظم کرنے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لیے تفصیلی ہنگامی منصوبہ بندی تیار کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جو زیادہ طلب کے اوقات میں اس طرح کے خلل کے حوالے سے ماضی میں حساس رہے ہیں۔
ڈسکوز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر کام کرنے والے غیر مجاز افراد کے خلاف سخت نگرانی نافذ کریں اور ایسے کسی بھی شخص کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی کی جائے۔





















Comments