ترکیہ کے زمینی افواج کے کمانڈر کی پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات
- جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا
ترک زمینی افواج کے کمانڈر جنرل متین ٹوکِل نے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران ملک کی عسکری قیادت سے ملاقات کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے، یہ بات پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو بتائی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے دستے نے پروقار انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں افواج کے درمیان جاری دفاعی تعاون کو سراہا۔
ترک کمانڈر نے اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
بعد ازاں انہوں نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
ترک زمینی افواج کے کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
یہ ملاقاتیں پاکستان اور ترکیہ کی افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کے مسلسل عسکری روابط کی عکاسی کرتی ہیں۔






















Comments