مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، اسٹاک مارکیٹ تار چڑھاؤ کا شکار، انڈیکس میں معمولی کمی ریکارڈ
- دوپہر 12 بجکر 35 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 170,284.25 پوائنٹس پر آگیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں اتار چڑھاؤ سے بھرپور سیشن جاری ہے، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث بدھ کو ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس منفی زون میں داخل ہوگیا۔
دوپہر 12 بجکر 35 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 46.31 پوائنٹس یا 0.03 فیصد کی معمولی مندی سے 170,284.25 پوائنٹس پر آگیا۔
اہم شعبوں بشمول آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، او ایم سیز اور پاور جنریشن میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔
منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست ریکوری دیکھی گئی کیونکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جیو پولیٹیکل کشیدگی میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا جس سے اہم شعبوں میں ہمہ جہت خریداری کا آغاز ہوا۔ بینچ مارک 100 انڈیکس 1,376.85 پوائنٹس یا 0.81 فیصد اضافے کے ساتھ 170,330.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے بدھ کو ایشیائی اسٹاکس میں گراوٹ دیکھی گئی جبکہ خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں، جس نے مارکیٹوں کو بے یقینی کا شکار کر دیا۔ اس صورتحال نے مہینوں سے جاری اس جنگ کے خاتمے کی امیدوں کو ماند کر دیا ہے جس نے کموڈٹیز کی قیمتوں کو اوپر دھکیلا اور افراطِ زر (مہنگائی) کے خدشات کو ہوا دی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ تہران نے آبنائے ہرمز میں امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے، ریاست ہائے متحدہ (امریکہ) نے ایران کے خلاف حملے شروع کر دیے جس نے تمام فریقین کے درمیان نازک جنگ بندی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو شدید بے یقینی اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک حصص کے ایم ایس سی آئی کے وسیع ترین انڈیکس میں 0.6 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ جاپان کا نکئی انڈیکس 0.9 فیصد گر گیا جبکہ اتار چڑھاؤ سے بھرپور اس ہفتے کے دوران جہاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے اسٹاکس دباؤ کا شکار رہے ہیں، جنوبی کوریا کا ٹیک انڈسٹری پر مبنی کوسپی انڈیکس 2 فیصد تک گر گیا۔
تازہ ترین امریکی حملوں کے نتیجے میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں لگ بھگ 1 فیصد کا اضافہ ہوا جو گزشتہ سیشن میں چھوئی گئی سات ہفتوں کی کم ترین سطح سے اوپر آ گئیں۔ برینٹ فیوچرز 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 92.29 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 88.97 ڈالر پر پہنچ گیا۔
یہ انٹرا ڈے اپڈیٹ ہے





















Comments