مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث ڈالر مضبوط، جاپانی ین 160 کی سطح تک گر گیا
- یورو 0.09 فیصد کمی کے ساتھ 1.1621 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 0.07 فیصد کمی کے ساتھ 1.3455 ڈالر پر آ گیا
مشرقِ وسطیٰ میں دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر امریکی ڈالر کی بڑھتی طلب کے باعث جاپانی ین بدھ کے روز ڈالر کے مقابلے میں 160 کی اہم سطح تک کمزور ہو گیا، جس سے جاپانی حکام کی ممکنہ مداخلت کے خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایران نے خطے کے بعض پڑوسی ممالک کی جانب بیلسٹک میزائل داغے، تاہم کوئی بھی اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ امریکی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جزیرہ قشم پر حملے کیے۔ ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں، جس کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ابتدائی ایشیائی تجارت کے دوران ین کی قدر کم ہو کر 160 ین فی ڈالر تک پہنچ گئی، جو وہ سطح ہے جہاں جاپانی حکام ماضی میں کرنسی کو سہارا دینے کے لیے مداخلت کر چکے ہیں۔ ڈالر آخری اطلاعات تک 159.98 ین پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔
جاپان کے وزیر خزانہ ساتسوکی کاتایاما نے کہا ہے کہ حکومت زرمبادلہ کی منڈی میں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مناسب اقدامات کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب یورو 0.09 فیصد کمی کے ساتھ 1.1621 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 0.07 فیصد کمی کے ساتھ 1.3455 ڈالر پر آ گیا۔ یورو زون میں مہنگائی میں اضافے کے تازہ اعداد و شمار نے یورپی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات کو تقویت دی ہے۔
ادھر امریکی لیبر مارکیٹ کے مضبوط اعداد و شمار اور بلند مہنگائی کے باعث سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد توقع کر رہی ہے کہ فیڈرل ریزرو رواں سال کے آخر تک شرح سود میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔
کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں بھی دباؤ دیکھا گیا۔ بٹ کوائن دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ کر 66,985 ڈالر جبکہ ایتھر تین ماہ کی کم ترین سطح پر 1,869 ڈالر کے قریب ٹریڈ ہوا۔

























Comments