قومی اسمبلی نے معاشی ترقی اور مالیاتی استحکام کیلئے اہم بلز منظور کرلیے
- ایوان زیریں نے کثرت رائے سے بلز کی مںطوری دی
قومی اسمبلی نے بدھ کے روز ملک کے مالیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، اقتصادی ترقی کے فروغ اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کے لیے اہم معاشی بلز منظور کر لیے۔ ایوان زیریں نے کثرت رائے سے فِسکل رسپانسبلٹی اینڈ ڈیٹ لمیٹیشن (ترمیمی) بل 2026، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ترمیمی) بل 2026، اسپیشل اکنامک زونز (ترمیمی) بل 2026 اور نیٹنگ آف فنانشل ارینجمنٹس بل 2026 کی منظوری دی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے چاروں معاشی بلز منظوری کے لیے پیش کیے، جبکہ وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل بل 2026 اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ و ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کنڈومینیم (اونرشپ اینڈ مینجمنٹ) بل 2026 ایوان میں پیش کیا، جنہیں بھی اکثریتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔
ایوان میں پاکستان ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن ترمیمی بل 2026 اور کسٹمز ترمیمی بل 2026 بھی متعارف کروائے گئے۔
فِسکل رسپانسبلٹی اینڈ ڈیٹ لمیٹیشن (ترمیمی) بل 2026 کے اغراض و مقاصد کے مطابق، فِسکل رسپانسبلٹی اینڈ ڈیٹ لمیٹیشن ایکٹ 2005 کا مقصد وفاقی مالیاتی خسارے اور عوامی قرضوں کو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے محتاط سطح پر رکھنا ہے۔ بل کے تحت ڈیٹ مینجمنٹ آفس (ڈی ایم او) کے اختیارات اور دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ حکومتی قرضوں کے انتظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ بل میں تجویز دی گئی ہے کہ ڈی ایم او کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹرز کو تین سالہ کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا، جس میں کارکردگی کی بنیاد پر توسیع کی گنجائش بھی ہوگی۔
ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ترمیمی) بل 2026 کے مطابق، ترامیم کا مقصد گورننس فریم ورک کو مضبوط بنانا، ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری یقینی بنانا اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانا ہے تاکہ بینک کی سرگرمیاں اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ کے مطابق شفاف اور جوابدہ انداز میں چلائی جا سکیں۔
نیٹنگ آف فنانشل ارینجمنٹس بل 2026 کے تحت مالیاتی اداروں کے درمیان سیٹ آف اور نیٹنگ معاہدوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا، جس سے مالیاتی خطرات کم کرنے، ریگولیٹری سرمایہ کے مؤثر استعمال اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ لین دین کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

























Comments