پاکستان اور آذربائیجان کا مضبوط تعلقات کی تجدید کا عزم، علاقائی امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال
- پاکستان اور آذربائیجان کے صدور کا مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ، تجارت، توانائی میں تعاون بڑھانے اور باکو کے ورلڈ اربن فورم کی حمایت کا عزم
آج شام ہونے والے خوشگوار تبادلہ خیال میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ہم منصب آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس سے منگل کو جاری بیان میں یہ معلومات دی گئیں۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اگلے ہفتے باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں یہ فورم عالمی شہری ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے صدر الہام علیوف کو یقین دلایا کہ اس تقریب میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی ہوگی۔
مزید برآں دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری امن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے خطے میں امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہنے پر صدر الہام علیوف کا شکریہ ادا کیا۔
























Comments