ایس ای سی پی نے ستارہ پیٹرولیم اور ایل ایس ای اسپیک ون کے آئی پی اوز کی منظوری دے دی
- اس پیش رفت کے بعد مالی سال 2025-26 میں ابتدائی عوامی پیشکشوں کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ اور ایل ایس ای اسپیک ون کے ابتدائی عوامی حصص کی پیشکشوں کی منظوری دے دی۔
پریس ریلیز کے مطابق دونوں کمپنیوں کے حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فہرست بند کیے جائیں گے۔
اس پیش رفت کے بعد مالی سال 2025-26 میں ابتدائی عوامی پیشکشوں کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مزید کمپنیاں ترقی اور توسیع کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کی غرض سے سرمایہ منڈی کا رخ کر رہی ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
کمیشن نے دونوں ابتدائی عوامی پیشکشوں کے لیے پراسپیکٹس جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس سے ان کے عوامی اجرا کی راہ ہموار ہوگی۔ کمیشن نے سرمایہ کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرمایہ کاری سے قبل پراسپیکٹس کا بغور جائزہ لیں، جبکہ شفاف اور سرمایہ کار دوست ضابطہ جاتی ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ ایندھن کی تجارت، خردہ فروخت اور ترسیلی خدمات سے وابستہ ہے اور پاکستان میں گیس و تیل کے ڈیلر کے طور پر کام کرتی ہے۔
کمپنی 16 کروڑ 80 لاکھ عام حصص بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت پیش کرے گی، جو ابتدائی عوامی پیشکش کے بعد ادا شدہ سرمائے کا 16.66 فیصد ہوں گے۔ ان میں سے 75 فیصد حصص ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور زیادہ مالی حیثیت رکھنے والے افراد کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ باقی 25 فیصد عام سرمایہ کاروں کو پیش کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایل ایس ای اسپیک ون پاکستان کی پہلی خصوصی مقصدی حصولی کمپنی ہے جو عوامی پیشکش کے نظام کے تحت متعارف کرائی گئی ہے۔ کمپنی کا مقصد تین سال کے اندر انضمام یا حصول کے لیے سرمایہ اکٹھا کرنا ہے۔
یہ کمپنی ننگبو گرین لائٹ انرجی لمیٹڈ میں 19.04 فیصد حصص حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کی ابتدائی عوامی پیشکش میں 50 لاکھ حصص شامل ہیں، جو مقررہ قیمت کے طریقہ کار کے تحت پیش کیے جائیں گے۔






















Comments