ایپل نے جان ٹرنس کو نیا سی ای او نامزد کر دیا، ٹم کک ایگزیکٹو چیئرمین ہونگے
- جان ٹرنس 2001 میں ایپل میں شامل ہوئے تھے اور انہوں نے کمپنی کی متعدد اہم مصنوعات کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا
ایپل نے پیر کے روز کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو جان ٹرنس کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا ہے، جس کے تحت طویل عرصے سے ہارڈویئر چیف کے طور پر کام کرنے والے ٹرنس اب ٹم کک کے بعد کمپنی کی قیادت سنبھالیں گے، کیونکہ آئی فون بنانے والی کمپنی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے آنے والی بڑی صنعتی تبدیلی کے لیے تیار ہو رہی ہے۔
جان ٹرنس 2001 میں ایپل میں شامل ہوئے تھے اور انہوں نے کمپنی کی متعدد اہم مصنوعات کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا، جن میں میک کمپیوٹرز کی فروخت کو دوبارہ بڑھانا بھی شامل ہے، جنہوں نے حالیہ برسوں میں مارکیٹ شیئر حاصل کیا ہے۔
50 سالہ ٹرنس کی عمر وہی ہے جو ٹم کک کی تھی جب انہوں نے ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز سے بطور سی ای او ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ انہوں نے گزشتہ خزاں میں کمپنی کا آئی فون ایئر متعارف کرایا تھا، جو 2017 کے بعد آئی فون کا سب سے بڑا ڈیزائن اپ گریڈ تھا اور کئی نئے چپس کے لیے ایک اہم آزمائشی مرحلہ بھی تھا۔
ٹرنس نے آئی پیڈز اور ایئر پوڈز جیسی مقبول مصنوعات کی تیاری میں بھی کردار ادا کیا ہے، اور اب انہیں اس ٹیکنالوجی منظرنامے میں ایپل کی رہنمائی کا چیلنج درپیش ہوگا جو مصنوعی ذہانت کے باعث تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، جبکہ کمپنی نے دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی کا اعزاز اینویڈیا کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔
اب انہیں اینویڈیا جیسے حریفوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، جو اپنا پرسنل کمپیوٹر متعارف کرا چکی ہے اور لیپ ٹاپ کے لیے طاقتور چپس پر کام کر رہی ہے، جبکہ میٹا پلیٹ فارمز جیسے حریف بھی اے آر گلاسز کے ذریعے مقابلے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
ڈی اے ڈیوڈسن اینڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر گل لوریا کے مطابق ٹرنس کی تقرری اس بات کی علامت ہے کہ کمپنی فولڈنگ فونز، اسمارٹ گلاسز، وی آر ڈیوائسز اور اے آئی ڈیوائسز جیسے نئے ہارڈویئر پر توجہ مرکوز کرے گی۔
ایپل نے بتایا کہ ٹم کک اب کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر کام کریں گے۔ کک کی قیادت میں ایپل کے حصص کی قیمت میں تقریباً 20 گنا اضافہ ہوا ہے۔
کک، جنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خصوصی گولڈن پلیک بھی پیش کیا تھا، پالیسی سازوں کے ساتھ روابط میں بھی کمپنی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔
ٹرنس کی بطور سی ای او تقرری کے ساتھ ایپل ایک ایسے رہنما سے آگے بڑھ رہا ہے جو سپلائی چین میں مہارت رکھتا تھا، ایک ایسے لیڈر کی طرف جو طویل عرصے سے ڈیزائن اور مصنوعات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
کری ایٹو اسٹریٹجیز کے سی ای او بین باجرن کے مطابق ٹرنس ایپل میں کافی مقبول ہیں اور کمپنی میں نئی توانائی لائیں گے۔
مزید برآں ایپل نے اعلان کیا ہے کہ جانی سروجی، جنہوں نے کمپنی کے کسٹم چپ اور سینسر ڈیزائن کی نگرانی کی، انہیں چیف ہارڈویئر آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔
























Comments