ٹھٹھہ سیمنٹ نے 7.5 میگاواٹ ونڈ پاور پروجیکٹ کی منظوری دے دی
- نئے منصوبے کی تکمیل کے بعد، قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع سے کمپنی کی کل تنصیبی صلاحیت بڑھ کر 17.3 میگاواٹ ہو جائے گی
ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی سی سی ایل) نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 7.5 میگاواٹ کی تنصیبی صلاحیت کے حامل ایک اضافی ونڈ پاور پراجیکٹ (ہوا سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ) لگانے کی منظوری دے دی ہے۔
ٹی سی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں بتایا گیا کہ ڈائریکٹرز نے اس پروجیکٹ کی منظوری موجودہ 4.8 میگاواٹ ونڈ پاور پروجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور کمیشننگ کے بعد دی۔
کمپنی نے آگاہ کیا ہے کہ اس نئے منصوبے کی تکمیل کے بعد، قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع سے کمپنی کی کل تنصیبی صلاحیت بڑھ کر 17.3 میگاواٹ ہو جائے گی۔ اس میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے دو منصوبے (4.8 میگاواٹ اور 7.5 میگاواٹ) اور پہلے سے موجود 5 میگاواٹ کا سولر پاور (شمسی توانائی) کا منصوبہ شامل ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ یہ توسیع کمپنی کے مجموعی انرجی مکس (توانائی کے تناسب) میں قابلِ تجدید توانائی کے حصے کو نمایاں طور پر بڑھا دے گی اور یہ پائیدار ماحولیاتی اقدامات کے لیے ہمارے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں اس سرمایہ کاری سے جہاں لاگت میں نمایاں بچت کی توقع ہے وہیں یہ ملک کے فاسل فیولز (تیل و گیس) پر انحصار کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
پاکستان میں توانائی کے متبادل ذرائع، خاص طور پر سولر (شمسی توانائی) کی طرف رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جو رہائشی اور تجارتی شعبوں میں یکساں مقبول ہو چکا ہے۔

























Comments
Comments are closed.