امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید سردی ، ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار
- خطرناک موسمی حالات کے باعث شمال مشرق کے بیشتر حصوں میں لوگوں کو سڑکوں سے دور رہنے کی ہدایت ، نیویارک اور نیوجرسی میں ہنگامی حالت نافذ
امریکا کے شمال مشرقی حصوں میں ہفتے کی صبح برف اور ژالہ باری کے باعث سردی میں مزید شدت آگئی ،جس کے باعث تعطیلات کے بعد فضائی سفر بری طرح متاثر ہوا اور نیویارک و نیوجرسی میں موسمی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، اگرچہ دن چڑھنے کے ساتھ طوفان کی شدت میں کچھ کمی آئی۔
حکام نے خطرناک موسمی حالات کے پیش نظر شمال مشرق کے بیشتر علاقوں میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ شہریوں کی سلامتی ان کی اولین ترجیح ہے اور طوفان کے دوران انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیویارک کے وسطی علاقے سیراکیوز سے لانگ آئی لینڈ تک اور کنیکٹیکٹ میں 6 سے 10 انچ تک برف پڑی، جبکہ نیویارک سٹی میں 2 سے 4 انچ برف ریکارڈ کی گئی، جو 2022 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
موسم کی شدت کم ہونے کے باوجود سفری مشکلات برقرار رہیں۔ فلائٹ ایویئر کے مطابق ہفتے کو امریکا بھر میں 9 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔

























Comments
Comments are closed.