پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے لیے 250 ملین ڈالر کا ہدف مقرر، جنوری میں لانچ متوقع
- پاکستان کی چینی آن شور بانڈ مارکیٹ میں شمولیت ایک منظم اور پروگراماتی فنانسنگ حکمتِ عملی کا حصہ ہے, محمد اورنگزیب
وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو کہا ہے کہ پاکستان اپنے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی جانب تیزی سے پیش رفت کررہا ہے جس کے تحت مجموعی ایک ارب ڈالر کے پروگرام میں سے ابتدائی طور پر 250 ملین ڈالر اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ خزانہ نے فنانس ڈویژن میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزارتِ خزانہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کی ٹیم اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے منظوریوں کی صورتحال، سرمایہ کاروں سے روابط اور ریگولیٹری مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کثیرالجہتی شراکت داروں سے مطلوبہ منظوریوں کا حصول مکمل ہو چکا ہے جبکہ چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطہ کاری مثبت اور تعمیری رہی ہے۔ بیان کے مطابق سرمایہ کاروں کا رجحان مضبوط ہے اور مختلف النوع سرمایہ کاروں کی جانب سے وسیع دلچسپی کے ساتھ ابتدائی طور پر حوصلہ افزا فیڈ بیک سامنے آیا ہے، جو پاکستان کی میکرو اکنامک استحکام، بہتر پالیسی و اصلاحاتی فریم ورک اور درمیانی مدت کے مثبت معاشی منظرنامے پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مارکیٹ حالات سازگار ہیں، سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار ہے اور مارکیٹ کا نظام منظم انداز میں کام کر رہا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دستاویزی امور اور ضمانتوں کے انتظامات مکمل ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ متعلقہ چینی حکام سے حتمی ریگولیٹری منظوریوں کی توقع جلد ہے جس کے بعد ابتدائی پانڈا بانڈ کا اجرا جنوری کے دوران متوقع ہے۔
وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان کی چینی آن شور بانڈ مارکیٹ میں شمولیت ایک منظم اور پروگراماتی فنانسنگ حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جو محتاط قرضہ مینجمنٹ کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ ان کے مطابق پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم تقریباً ایک ارب ڈالر رکھا گیا ہے، جبکہ ابتدائی اجرا 250 ملین ڈالر کے مساوی ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ایک ارب ڈالر کے پانڈا بانڈ پروگرام کے تحت پانڈا سیریز II کے نام سے آئندہ اجراؤں کی تیاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے چینی ریگولیٹری حکام کو مکمل طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیرِ خزانہ نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محتاط اور مارکیٹ پر مبنی فنانسنگ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کی درمیانی مدت کی قرضہ جاتی پائیداری کو مضبوط بنانے اور مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




















Comments