کسٹمز کراچی نے کروڑوں مالیت کے موبائل فونز قبضے میں لے لیے
- کراچی حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے موبائل فونز ملے
کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے خفیہ اطلاع پر کراچی۔حیدرآباد ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 564 مہنگے اسمگل شدہ موبائل فون اور ایک ٹیمپرڈ لینڈ کروزر پراڈو برآمد کرلی جن کی مالیت 9 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی گئی۔گاڑی کو مشکوک ہونے پر روکا گیا، مگر سوار افراد کوئی قانونی درآمدی دستاویز پیش نہ کرسکے۔
ابتدائی معائنے میں بونٹ، بمپر اور فینڈرز کے اطراف غیرمعمولی ویلڈنگ کے نشانات دیکھے گئے، جس پر گاڑی کو کسٹم ہاؤس کراچی منتقل کیا گیا۔ تفصیلی جانچ میں پراڈو کے اندر پانچ خفیہ خانے دریافت ہوئے، جن سے گوگل پکسل اور موٹرولا سمیت 564 اعلیٰٰ برانڈ موبائل فون برآمد ہوئے، جن کی مالیت تقریباً 6 کروڑ 40 لاکھ روپے بتائی گئی۔
فرانزک رپورٹ سے گاڑی کی ٹیمپرڈ شدہ اور اس کے نان ڈیوٹی پیڈ ہونے کی بھی تصدیق ہوئی۔ کسٹمز حکام نے گاڑی اور موبائل فون ضبط کرکے کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت کارروائی شروع کردی اور اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف تفتیش جاری ہے۔






















Comments