امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے توانائی، اہم معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران نیٹلی بیکر نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے ذریعے پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ سمیت وسیع تر خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف نے 26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔
اس سے قبل 25 ستمبر کو وزیراعظم نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ امریکی صدر سے ملاقات کی تھی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق پاکستان نے امریکی سرمایہ کاروں کے لیے زراعت، ٹیکنالوجی، کان کنی اور توانائی کے شعبے مخصوص کیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بھی امریکی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔






















Comments
Comments are closed.