ایف بی آر مالی سال 2025 میں نظرثانی شدہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام، 178 ارب روپے کا شارٹ فال
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 25-2024 کے دوران (جولائی تا جون) عبوری طور پر 11,722 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی ہے، جو نظرثانی شدہ ہدف 11,900 ارب روپے کے مقابلے میں 178 ارب روپے کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
ایف بی آر جون 2025 کے لیے مقرر کردہ 1,667 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کو بھی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ حکومت نے مالی سال 25-2024 کے لیے ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس ہدف پہلے 12,913 ارب روپے سے کم کر کے 12,334 ارب روپے کیا، بعد ازاں اسے مزید کم کر کے 11,900 ارب روپے کر دیا گیا۔
اگرچہ مالی سال 25-2024 کے دوران 1.8 ٹریلین روپے کے نئے ٹیکسی اقدامات متعارف کروائے گئے، تاہم نظرثانی شدہ ہدف 11,900 ارب روپے کا حصول بھی ممکن نہ ہو سکا۔
پیر 30 جون کی شام تک ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 11,706 ارب روپے رہی، جو رات 10 بجے تک بڑھ کر 11,722 ارب روپے تک پہنچی۔ تاہم ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں مجموعی طور پر نمایاں شارٹ فال سامنے آیا ہے۔
گزشتہ مہینوں میں بھی شارٹ فال میں اضافہ ہوتا رہا۔ جولائی تا مارچ 25-2024 میں شارٹ فال 703 ارب روپے تھا، جو جولائی تا اپریل میں بڑھ کر 821 ارب روپے، اور جولائی تا مئی میں 1,027 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ ٹیکس مشینری کے لیے جون 2025 کے آخری مہینے میں 1,667 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنا تقریباً ناممکن ثابت ہوا۔
نتیجتاً، ایف بی آر جون 2025 کے دوران مقرر کردہ 1,667 ارب روپے کا نظرثانی شدہ ماہانہ ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
























Comments
Comments are closed.