اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ، 100 انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو فروخت کا دباؤ غالب رہا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
بدھ کے روز پورے کاروباری سیشن کے دوران فروخت کے دباؤ غالب رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای-100 انڈیکس انٹرا ڈے کی کم ترین سطح 120,417.99 تک گر گیا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1,505.11 پوائنٹس یا 1.23 فیصد کمی کے ساتھ 120,465.93 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی پیدا کرنے اور ریفائنری کمپنیاں شامل ہیں۔ انڈیکس میں وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسے حبکو، پی ایس او، ماری، او جی ڈی سی، پول، پی پی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل اور این بی پی منفی زون میں ٹریڈ ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس 254.32 پوائنٹس یا0.21 فیصد کی گراوٹ میں 121,971.04 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر بدھ کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے کشیدگی کے خدشات مارکیٹوں کا مرکز بنے رہے، جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور سرمایہ کار امریکی ٹریژریز اور ڈالر کی محفوظ پناہ گاہ کی طرف رُخ کرتے ہوئے حصص کی فروخت کرنے لگے۔
اسرائیل اور ایران کے جنگ کے چھٹے دن میں داخل ہونے کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں میں امریکی فوج کی ممکنہ براہ راست مداخلت کے حوالے سے بے چینی میں اضافہ ہو گیا ہے،اس دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ امریکی صبر تقریباً ختم ہوچکا ہے۔
بدھ کو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا گیا جہاں برینٹ کرُڈ فیوچرز 0.33 فیصد بڑھ کر 76.70 ڈالر فی بیرل ہوگیا جبکہ امریکی کروڈ 0.45 فیصد بڑھ کر فی بیرل 75.18 ڈالر پر پہنچ گیا۔ دونوں قیمتیں گزشتہ سیشن میں 4 فیصد سے زیادہ بڑھی تھیں۔
مارکیٹوں میں وسیع پیمانے پر خطرے سے پرہیز کا رجحان بھی تیزی سے بڑھتا گیا۔
ایم ایس سی آئی کا ایشیا-پیسیفک میں جاپان کے علاوہ سب سے وسیع انڈیکس 0.26 فیصد گرا جبکہ یورو اسٹاکس 50 فیوچرز میں بھی 0.4 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔
امریکی اسٹاک فیوچرز میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی جبکہ وال اسٹریٹ کا کیش سیشن رات گئے مندی کے ساتھ بند ہوا تھا۔
ڈالر ایک ہفتے کی بلند ترین سطح 145.445 ین پر مضبوط رہا اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں اپنی زیادہ تر کامیابی برقرار رکھی۔
یورو منگل کو 0.7 فیصد گرنے کے بعد واپس بہتر ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور آخری بار 1.1487 ڈالر پر خریدا گیا۔
Comments