ناروے کے وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان علاقائی سلامتی اور دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال
- دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں روابط مزید بڑھانے کا عزم
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے جمعرات کو چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کو عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں روابط اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ادھر وزارت خارجہ اسلام آباد میں اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے ’اہم اور تعمیری کردار‘‘ کو سراہا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات بھی شامل ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، جبکہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، بحری امور اور تعلیم سمیت مختلف شعبے زیر بحث آئے۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کی ’’گرم جوش اور دوستانہ‘‘ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے خاص طور پر حالیہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستانی وزیراعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف کی قیادت اور خدمات کا اعتراف کیا۔
حکام نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ایسپن بارتھ ایڈ سرکاری دورے پر دن کے اوائل میں اسلام آباد پہنچے، جو ایک دہائی کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے والے ناروے کے اعلیٰ ترین عہدیدار ہیں۔
بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ دوطرفہ تجارت دونوں معیشتوں کی استعداد کے مقابلے میں کم ہے، جسے مؤثر اقدامات کے ذریعے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ناروے کی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معروف ناروے کی کمپنی یارا انٹرنیشنل پاکستان میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے ساتھ پلانٹ نیوٹریشن کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید کئی منصوبوں کے لیے مثال بنے گا۔
نائب وزیراعظم نے ناروے کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کو ایک کامیاب مثال قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ناروے کے لیے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔























Comments