رئیل اسٹیٹ اور انوسٹمنٹ ایسیٹ کیلئے ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن کے استعمال کا جائزہ
- وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے چیئرپرسن پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر کی ملاقات
وزارتِ خزانہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن کے ممکنہ استعمال کا جائزہ لے رہا ہے جس میں رئیل اسٹیٹ اور دیگر سرمایہ کاری کے دیگر اثاثے بھی شامل ہیں۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اورچیئرپرسن پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی جس میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ڈیجیٹل فنانس اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب اور پی ڈی اے کے چیئرپرسن نے ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن پر تبادلہ خیال کیا جس میں رئیل اسٹیٹ اور دیگر سرمایہ کاری کے اثاثوں سمیت مختلف شعبوں میں ان کے ممکنہ استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے مناسب ضابطہ کار اور معاون نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے اس امر کی اہمیت پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں پیشرفت اور نئے کاروباری ماڈلز کے ساتھ موجودہ ضابطہ جاتی فریم ورک میں بھی ضروری تبدیلیاں لائی جائیں۔
شرکا نے ایسے سازگار فریم ورک کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جو الیکٹرانک لین دین کو تسلیم کرے اور تجارت و مالی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل طریقہ کار کے وسیع تر استعمال کی معاونت کرے۔
اجلاس میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے وسیع استعمال اور زیادہ مؤثر طریقہ کار کے ذریعے مالی خدمات تک رسائی بہتر بنانے کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن کے امکانات، بالخصوص رئیل اسٹیٹ اور دیگر سرمایہ کاری کے اثاثوں میں اس کے ممکنہ استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے صارفین کو مالی خدمات سے منسلک کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے، ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کو مضبوط بنانے اور مالیاتی ڈیٹا کے باہمی انضمام کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا جس میں بینکوں اور کیپٹل مارکیٹس کے درمیان زیادہ مؤثر رابطہ بھی شامل ہے۔
اجلاس میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اکاؤنٹ کھولنے کے آسان و مؤثر طریقہ کار کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت کو آسان بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بینکاری اور کیپٹل مارکیٹ کے نظام کے درمیان مضبوط انضمام کے امکانات کو اجاگر کیا گیا جو سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت اور سرمایہ کاری کے مواقع تک رسائی میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
شرکا نے حکومتی نظام میں ڈیٹا کے بہتر استعمال اور مختلف نظاموں کے درمیان ڈیٹا کے باہمی انضمام کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
محمد اورنگزیب نے باہم مربوط ڈیٹا کے بہتر استعمال کی صلاحیت کو اجاگر کیا جو پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں معاون ثابت ہوسکتی ہے جس میں ٹیکنالوجی اور اے آئی کا زیادہ سے زیادہ استعمال بھی شامل ہے۔
اجلاس میں عوامی اور مالیاتی خدمات کی زیادہ مؤثر فراہمی کیلئے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے پی ڈی اے کی جانب سے جاری کام کو سراہتے ہوئے ایسے عملی اور مؤثر اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو کارکردگی بہتر بنانے، مالیاتی خدمات تک رسائی آسان بنانے اور ملکی معیشت میں ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں۔
وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل اقدامات کو آگے بڑھانے، کارکردگی بہتر بنانے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی مسلسل ترقی کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ اور باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔























Comments