فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اوورسیز پاکستانیوں کا محفوظ و خوشحال پاکستان کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم
فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، آرمی چیف اس وقت امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے آپریشن بنیان المرسوس / معرکۂ حق کے دوران پاک افواج کی شاندار کارکردگی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
جنرل عاصم منیر نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے اہم اور کلیدی کردار کو سراہا اور انہیں پاکستان کے سفیر قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تاثر کو فروغ دینے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کے ذریعے کی جانے والی ترسیلات، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے آرمی چیف سے ملاقات میں اپنے تجربات اور تجاویز بھی پیش کیں۔
جنرل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں سے رابطے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل رابطہ اور باہمی تعاون نہایت ضروری ہے۔


















Comments
Comments are closed.