پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ای کامرس شعبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو فروغ دینے کے لیے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ خواجہ نے حکومت کے ٹیکسیشن اور ریگولیٹری فریم ورک میں اہم ترامیم کی تجویز دی ہے۔
یہ پیش رفت جمعرات کو وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ای کامرس شعبے کے اہم مسائل پر غور کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
بیان میں کہا گیا کہ آئندہ پالیسی کے مشاورتی طریقہ کار کے مطابق، وزیر تجارت جام کمال خان نے آئی ٹی وزارت کی مشاورت سے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان کیا جو ٹیکسیشن، وینڈر کمپلائنس، اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق جامع تجاویز اکٹھی کرے گا۔
یہ تجاویز بعد میں وزیراعظم شہباز شریف کو حتمی منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
وفاقی حکومت نے منگل کو مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں مقامی و بین الاقوامی ڈیجیٹل وینڈرز (جیسے کہ ایمازون، گوگل، فیس بک، نیٹ فلیکس، دراز، ٹیمو، پاک وہیلز) کی پاکستانی صارفین کو دی گئی خدمات یا اشیا پر کی جانے والی ادائیگیوں پر 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ، آن لائن مارکیٹ پلیسز (جیسے دراز، اولیکس، زمین، پاک وہیلز) جو اشیاء و خدمات کی فروخت میں سہولت فراہم کرتی ہیں، پر 18 فیصد معیاری سیلز ٹیکس (وی اے ٹی) لگانے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ ٹیکس نظام کو معیاری بنایا جا سکے اور آمدنی کے خلا کو پورا کیا جا سکے، خاص طور پر ان پلیٹ فارمز کے لیے جو بطور مارکیٹ پیلس کام کرتے ہیں۔
دریں اثنا، جمعرات کو اجلاس کے دوران وزیر تجارت نے تصدیق کی کہ ای کامرس پالیسی 2.0 آخری داخلی جائزے کے مرحلے میں ہے اور جلد ہی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔
بیان کے مطابق، پاکستان کا ای کامرس شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور 2024 میں اس کا حجم 7.7 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ 2027 تک 17 فیصد سالانہ کمپاؤنڈ ترقی کی شرح کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
دونوں وزرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایک جامع، مسابقتی اور ڈیجیٹلی بااختیار تجارتی نظام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، اور ای کامرس سے متعلق تمام مسائل کو اعلیٰ سطح پر حل کیا جائے گا۔



















Comments
Comments are closed.